جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ملکی فیصلے ملک کے منتخب نمائندوں کو کرنے چاہئیں، کس سپر پاور کو نہیں: عمران خان

18 نومبر, 2022 17:27

لاہور: عمران خان کا کہنا ہے کہ آزاد قومیں اپنے مفاد کو دیکھ کر فیصلہ کرتی ہیں، کسی سپر پاور نہیں، ملک کے منتخب نمائندوں کو فیصلے کرنے چاہئیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب حقیقی طور پر آزاد ہونے کا وقت آگیا ہے، کسی سپر پاور نہیں، ملک کے منتخب نمائندوں کو فیصلے کرنے چاہئیں، بھارت روس سے سستا تیل خرید سکتا ہے تو ہمیں بھی خریدنا چاہیے، تیل اس لیے نہیں لیتے کہیں سپر پاور ناراض نہ ہوجائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آزاد قومیں اپنے مفاد کو دیکھ کر فیصلہ کرتی ہیں، جہاں انصاف ہو وہاں کوئی طاقتور ظلم نہیں کرسکتا، انصاف ہوگا تو کہیں رشوت نہیں مانگی جائے گی، انصاف ہوتا ہے تو خوشحالی آتی ہے، حقیقی آزادی کا مقصد لوگوں کو انصاف دے کر آزاد کرنا ہے، سابق وزیر اعظم اور سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں مجھ پر حملہ ہوا، میں ایف آئی آر نہیں کٹوا سکتا، پنجاب میں میری حکومت ہے، میرے ساتھ یہ ہورہا ہے تو عام آدمی کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پچھلے 7 ماہ میں جو کچھ ہوا یہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے کیا گیا: اسد عمر

ان کا کہنا تھا کہ کیوں تھانہ کلچر اتنا اہم ہوگیا، اپنی مرضی کا ایس ایچ او لگوانا چاہتے ہیں، یہاں سرمایہ کاری تب آئے گی جب قانون کی حکمرانی ہوگی، جب تک سب کیلئے قانون یکساں نہیں ہوگا ملک آزاد نہیں ہوسکتا، مجرم لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے کررہا ہے، نواز شریف نے ملک کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، پاکستان کو تباہی سے بچانے کا واحد حل شفاف انتخابات ہیں، پاکستانی قوم اب ظلم برداشت نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کے ساتھ کیا ہوا سب کے سامنے ہے، ارشد شریف دھمکیوں کے باوجود راہِ حق پر کھڑا رہا، ارشد شریف نے اپنی جان کی قربانی دی، نواز شریف نے لندن میں 4 فلیٹ بنائے، منی ٹرائل نہیں دے سکے، نواز شریف کے اربوں روپے بیرون ملک ہیں اس لیے ڈرا ہوا ہے، کیا ایسے شخص کو حق ملنا چاہیے کہ آرمی چیف تقرری کا فیصلہ کرے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top