جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماؤں سے ملاقات، مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال

05 نومبر, 2023 15:58

قطر: جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ گزشتہ روز قطر پہنچے تھے جہاں انہوں نے حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں رہنماؤں کے درمیان مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کررہا ہے، فلسطینی قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں، امت مسلمہ کو فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہیے۔

اس کے علاوہ حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہوجائے، انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز تل ابیب بھیج رہے ہیں۔

اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لیے میدان میں نکلے، مولانا فضل الرحمان پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کو بین الاقوامی فوجداری عدالت تک پہنچا کر دم لیں گے: ترک صدر

خالد مشعل کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین پر عرصہ دراز سے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے شہداء کی بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

ذرائع کے مطابقق مولانا فضل الرحمان قطر کے بعد ترکیہ کا دورہ کریں گے اور ترکیہ اور قطر کی حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ جنگ بندی کرائی جاسکے۔

مولانا فضل الرحمان غزہ میں پھنسے مظلوم فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل سمیت دیگر امور پر بھی عرب ممالک کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top