جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سانحہ مچھ : شہداء کی تدفین کو وزیر اعظم کی آمد سے مشروط نہ کریں : وزیر اعلیٰ بلوچستان کی اپیل

06 جنوری, 2021 15:49

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ تدفین ہماری مذہی ذمے داری ہے، ہزارہ برادری دینی فرض کو وزیر اعظم کی آمد سے مشروط نہ کریں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور وفاقی وزراء علی زیدی اور زلفی بخاری مذکرات کیلئے ولی عصر امام بارگاہ پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نے ہزارہ ڈیمو کریٹک کے سربراہ مُشیر کھیل و ثقافت خالق ہزارہ اور و دیگر سے تعزیت کی۔

مذکرات میں ایچ ڈی پی، بلوچستان شعیہ کانفرنس و دیگر تنظیمیں موجود تھیں۔ جام کمال کے ہمراہ صوبائی وزراء بھی تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مچھ واقعہ بہت افسوسناک ہے۔ ماضی کی نسبت بلوچستان میں امن برقرار رہا۔ مچھ واقعے کے وقت ملک سے باہر تھا۔ دورہ مختصر کر کے وطن واپس پہنچا ہوں۔ ماضی میں بھی جب واقعات ہوئے تو پہلے امام بارگاہ آئے تھے۔ ہم دھرنے میں جا کر لواحقین سے بھی بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ہزارہ برادری کا دھرنا جاری، وزراء کے مذاکرات بھی ناکام، چار ماہ تک بھی بیٹھیں گے : شرکاء

انہوں نے کہا کہ ہم سب بلوچستانی اور پاکستانی ہیں۔ ہم کسی کو ایک دوسرے سے الگ نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پہلے دن سے کوشش کررہے ہیں۔ بلوچستان سے دشمنی رکھنے والے چاہتے ہیں کہ یہاں خرابی پیدا ہو۔ ہزارہ کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، لیکن دشمنوں کو یہ پسند نہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ لواحقین سے درخواست ہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد آپ تمام مسائل کا تعلق ہم سے ہے اور ہم ہی ذمے دار بھی ہیں، عوام نے مجھے منتخب کر کے وزیر اعلیٰ بنایا ہے تو تمام تر ذمہ داریاں مجھ پر عائد ہیں۔ ہم نے ان تمام مسائل کا حل خود تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ ہزارہ برادری سے اپیل ہے معاملات کو بیٹھ کر حل کریں اور جاں بحق افراد کی تدفین کریں۔ تدفین ہماری مذہی ذمے داری ہے، ہم جیسے بھی ہیں، مسلمان ہیں تو ہم پر دینی فرائض بھی ہیں تو ان دینی فرائض کو پورا کرتے ہوئے ہم اپنی ذمے داریاں پوری کریں، پھر وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور وزرا کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہو گی۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری دینی فرض کو وزیر اعظم کی آمد سے مشروط نہ کریں۔ وزیراعظم اور صدر مملکت بھی آئیں گے، وفاقی وزراء بھی یہاں بیٹھے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top