جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

کراچی پولیس چیف کا تھانہ کلچر کی تبدیلی پر زور، قانون پر عملدرآمد کی ہدایت

18 جولائی, 2019 11:14

کراچی : کراچی پولیس چیف نے کہا ہے کہ بھرپور کوششوں کے باوجود تھانہ کلچر میں کوئی نمایاں تبدیلی دیکھنے میں نہیں أئی ہے۔ پولیس کی لازوال قربانیوں کے باوجود بھی عوام اور پولیس کے درمیان خلیج بدستور باقی ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق نئے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی زیر صدارت ڈی آئی جی ساؤتھ آفس میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام زونل ڈی آئی جیز، ڈی أئی جی ایڈمن، ضلعی و انویسٹیگیشن ایس ایس پیز و ایس پیز صاحبان نے شرکت کی۔

اجلاس میں زونل ڈی أئی جیز نے اپنے اپنے زون کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی اور شہر میں درپیش مسائل و مجموعی کارکردگی سے أگاہ کیا۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے اجلاس کے شرکاء کو تھانہ کلچر میں تبدیلی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ  بھرپور کوششوں کے باوجود تھانہ کلچر میں کوئی نمایاں تبدیلی دیکھنے میں نہیں أئی ہے۔ پولیس کی لازوال قربانیوں کے باوجود بھی عوام اور پولیس کے درمیان خلیج بدستور باقی ہے۔

پولیس چیف نے کہا کہ پولیس اور عوام میں مضبوط دوستانہ رشتہ قائم کرنے کے لئے اہم اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ پولیس ملازمین کو ڈیوٹی پوائنٹ پر تعینات کرنے سے پہلے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دی جائے۔ عبادت گاہوں پر مامور ملازمان کو محفوظ جگہ پر تعینات کیا جائے۔

غلام نبی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران دیئے جانے والےاسلحے کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔ اہلکاروں کو ویپن ہینڈلنگ اور فائرنگ کے ری فریشر کورسسز کروائے جائیں۔ اسنیپ چیکنگ پوائنٹس کی نگرانی متعلقہ ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز خود اپنی نگرانی میں سر انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو موٹر سائیکلز اور گاڑیوں پر ایکسائز کی جاری شدہ اسٹینڈرڈ نمبر پلیٹس نصب کرنے کا پابند اور شہر میں عوام کو ایکسائز کی جانب سے جاری کردہ اسٹینڈرڈ نمبر پلیٹس کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ یکم اگست سے ان کے خلاف مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

پولیس چیف نے مزید کہا کہ شہر میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی ورکنگ پوزیشن کو چیک کیا جائے۔ تھانوں میں لاک اپ کی چیکنگ اور صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ بینکوں کی سیکیورٹی کو وقتا فوقتاً چیک کیا جائے۔ بینکوں ایک افسر تعینات کیا جائے جو کہ ایس او پی کے مطابق بینکوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں اور ان کی ریکارڈنگ کو چیک کرے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و ملازمین کو اچھی کارکردگی پر انعامات سے نوازا جائے گا۔ کرپشن اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران و ملازمان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top