جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

جوہی:عرب شکاریوں نے نوگو ایریاز قائم کرلئے،تلور اور باز کا شکار شروع

20 نومبر, 2023 14:23

 

 

جوہی:کاچھو کے علاقے کے وسیع ریگستانی علاقوں اور پہاڑوں پر نایاب پرندوں باز اور تلور کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی عرب شکاریوں نے بھی ڈیرے ڈال دئیے۔

عرب شکاریوں کے کارندوں نےکاچھو کے مختلف علاقوں میںکیمپ قائم کر کے تمام علاقے کو نوگو ایریا بنا دیاہے۔

اس سلسلے میں کاچھو کے مقامی زمینداروں سمیت دیگر باشندوں نے جوہی میں احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ 15دن سے عرب شکاریوں کے کارندوں نے جوہی تعلقہ کے کاچھو کے تمام وسیع علاقے میں خیمے لگا کر کیمپس قائم کر دیئے ہیں اور ہماری کاشت کی گئی فصلوں جو سیکڑوں ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے پر شکار کھیلتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاچھو کے علاقے میں سرسوں اور جانبھو کے فصل پر تلور اور باز آتے ہیں اس لیے عرب شکاریوں کے کارندوں کی جانب سے ہم سے اجازت لیے بغیر اپنی کیمپ قائم کر کے ہماری فصلیں تباہ کرنے کے ساتھ ہمیں اور علاقے کے باشندوں کو اپنی کھیتوں پر آنے سے زبردستی روک رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مال مویشی کو گھروں تک محدود کر دیا ہے لوگوں کو آگ جلانے اور گھروں میں روٹی پکانے کیلئے لکڑیاں کاٹنے سے بھی سختی سے منع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عرب شکاریوں کے کارندوں کو روکنے پر وہ مار پیٹ کرنے کے علاوہ فائرنگ بھی کرتے ہیں، وہ اپنی کھیتوں پر گئے تو عرب شکاریوں نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی وہ بھاگتے ہوئے اپنی گاڑی کی طرف آئے تو انہوں نے گاڑی پر بھی فائرنگ کی جس کے نشانات موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عرب شکاریوں کے کارندوں نے ہمارا جینا حرام کر دیا ہے لاکھوں کروڑوں کی فصل تباہ ہونے کے ساتھ ھمارے مال مویشی بیمار ہوگئے ہیں انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ جوہی تعلقہ کے کاچھو کے علاقے میں تلور اور باز کا شکار کرنے والے کارندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر کے ان کے فصلوں کو ہونے والے نقصانات کا معاوضہ ادا کرایا جائے اور کاچھو کے علاقے میں نو گو ایریا ختم کروا کر مقامی باشندوں کو شدید پریشانی اور اذیت سے بچایا جائے۔

یہ پڑھیں : امارات، سعودی عرب اور بحرین کی شخصیات کو تلور کے شکار کیلئے علاقے الاٹ

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top