جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بھارتی بیان نے ایف اے ٹی ایف میں بھارتی منفی کردار کی اصلیت عیاں کردی : دفتر خارجہ

19 جولائی, 2021 12:34

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حالیہ بھارتی بیان نے ایف اے ٹی ایف میں بھارتی منفی کردار اصلیت عیاں کردی۔

پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رکھنے کے بھارتی عدم اتفاق کے کردار بارے بھارتی وزیر خارجہ کے 18 جولائی کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بھارتی بیان نے نہ صرف اس کی اصلیت عیاں کردی ہیں بلکہ ایف اے ٹی ایف میں بھارتی منفی کردار کے حوالے سے پاکستان کے طویل مدتی موقف کو بھی درست ثابت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے عالمی برادری پر واضح کرتا آیا ہے کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرکے اس کے کردار کو گھٹارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بھارتی بیان بھی اہم ٹیکنیکل فورم کو پاکستان کے خلاف تنگ نظر سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کو ثابت کرتا ہے۔ ایکشن پلان پر عملدرآمد کے دوران پاکستان مخلصانہ اور تعمیری انداز میں ایف اے ٹی ایف سے رابطے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت ایف اے ٹی ایف کا تکنیکی معاملہ سیاسی بنا کر خراب کررہا ہے : حماد اظہر

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی پیشرفت پر بھارت بھونڈے ذرائع سے شک ظاہر کرنے کا ہر ممکن طریقہ اختیار کرتا ہے۔ ماضی میں پاکستان بار بار بھارت کے نقلی کردار کو عالمی برادری کے سامنے لاتا رہا ہے۔ بھارت کے حالیہ اعتراف کو بھی ایف اے ٹی ایف کے نوٹس میں لایا جائے گا۔

زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس معاملہ پر مناسب ایکشن کے لئے صدر ایف اے ٹی ایف سے اپروچ کرنے پر غور کررہا ہے۔ بھارتی حکومت کے حالیہ اعتراف کے بعد ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا جائزہ لینے کے لئے جوائنٹ گروپ کے شریک چیئرمین کے طور پر بھارت کا کردار مشکوک ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایف اے ٹی ایف پر زور دیتے ہیں کہ اس معاملہ کو دیکھے۔ پاکستان کی اینٹی منی لانڈرنگ اور سی ایف ٹی کے حوالے سے پراگریس کو کھلے عام ایف اے ٹی ایف نے تسلیم کیا ہے۔ ہم اس مومینٹم کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے لئے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کی حمایت اور تعاون حاصل ہے۔ دھوکہ بازی سے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی بھارتی کوشش ہمیشہ ناکام رہی ہے اور اس کوشش کو کبھی کامیابی نہیں ہوگی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top