جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بھارت کی جانب سے دوبارہ حملہ ہوسکتا ہے، وزیر خارجہ

07 اپریل, 2019 16:11

ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ جیسا ایک اور واقعہ رونما کیا جاسکتا ہے ، جنگ کےبادل اب بھی منڈلارہےہیں،بھارت میں بہت ہی خطرناک کھیل کھیلاجارہاہے۔

 ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کےمستقل ارکان کوصورتحال کی سنگینی سےآگاہ کردیا گیا ہے، بین الاقوامی کمیونٹی بھارت کےغیرذمے دارانہ رویے کانوٹس لے، کئی ذمے دارممالک سمیت دنیانےخاموشی اختیارکررکھی ہے، یہ جانتےہوئےکہ یہ اقوام متحدہ کےچارٹرکی خلاف ورزی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے سیاسی مقاصد کے لیے خطے کے امن کو داؤ پر لگادیا ہے، جنگ کے بادل اب بھی منڈلا رہے ہیں، ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ بھارت پاکستان میں ایک اور حملے کا منصوبہ بنارہا ہے، یہ کارروائی 16 سے 20 اپریل کے درمیان کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بہانے کے طور پر مقبوضہ کشمیر میں پلواما جیسا واقعہ بھی کراسکتا ہے، خدانخواستہ ایسا ہوتا ہے تو خطے پر اس کے کیا اثرات پڑسکتے ہیں، اندازہ لگا سکتےہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا اپنی اس تشویش کوعالمی برادری سے شیئرکریں لہذا سلامتی کونسل کےمستقل ارکان کو صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا ہے، عالمی برادری بھارت کے اس غیرذمہ دار رویے کا نوٹس لے، خطے میں امن کے لیے عالمی برادری کو خاموش نہیں رہناچاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے کے بعد 26 فروری کو بھارت جب کارروائی کرتا ہے اس پر دنیا خاموش رہتی ہے، کئی ذمے دارممالک سمیت دنیا نے خاموشی اختیار کررکھی ہے تاہم ہم اتنے بھی ناسمجھ نہیں کہ عالمی براداری خاموش کیوں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کا مسئلہ بہت سنجیدہ ہے، سیکریٹری خارجہ نے چین، امریکا، برطانیہ و دیگرممالک سے رابطہ کیا ہے، نہیں چاہتے بھارت حملے کی حماقت کرے، ہم زندہ قوم ہیں، اپنےدفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں، وزیراعظم سے مشاورت کے بعد حقائق قوم اور عالمی برادری کےسامنے لانے کا فیصلہ کیا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعدلائن آف کنٹرول پر مسلسل فائرنگ کی جارہی ہے، بھارت کی جارحانہ کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بڑھ گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی آواز کو بے دردی سے کچلا جا رہا ہے تاہم ہم مقبوضہ کشمیر کے متاثرین کے ساتھ تھے اور ہیں.

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top