جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عمران خان کا خطاب طعنوں اور نفرت پر مبنی تھا : احسن اقبال

20 اپریل, 2021 11:51

اسلام آباد : احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک کے اندر بحرانی صورت حال ہے، عمران خان کا خطاب طعنوں اور نفرت پر مبنی تھا۔

احتساب عدالت میں نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت جج سید اصغر علی نے کی۔ دوران سماعت جونیئر وکیل نے کہا کہ احسن اقبال کے سینئر وکیل موجود نہیں، سماعت ملتوی کی جائے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نیب کے گواہ موجود ہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جی دونوں گواہان کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ سماعت 27 اپریل تک ملتوی کی جاتی ہے، دونوں گواہان کے بیان ریکارڈ کیے جائیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ رمضان چل رہا ہے گواہان نے جھوٹی گواہیاں دینی ہے، رمضان کے بعد رکھیں، جس پر جج نے کہا کہ یہ تو اللہ جانتا ہے، کون سچا ہے کون جھوٹا۔

پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اپوزیشن پر الزام لگانے کے بجائے قوم کو جواب دے۔ پاکستان میں آگ اور خون کا کھیل برداشت نہیں کرسکتے۔

یہ بھی پڑھیں : شاہد خاقان عباسی کا فیض آباد دھرنے پر سچائی کمیشن بنانے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ پر ہر مسلمان مرمٹنے کو تیار ہے۔ سنگین مسئلے پر حکومت نے غیرسنجیدہ رویہ روا رکھا۔ حکومتی نااہلی اور غفلت کے باعث ملک بحران کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو نواز شریف کی جائیدادوں کی پڑی ہے۔ وزیراعظم غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بیرونی سرمایہ کاری کہاں ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کہہ رہی کی پاکستان کی معیشت گر رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز جو تقریر کی وہ سب کے سامنے ہے۔ خطاب میں پیش کردہ ترقی کے اعداد و شمار حقائق کے منافی ہیں۔ پاکستان کی جنت کا نقشہ کھینچا گیا۔ عمران خان کا خطاب طعنوں اور نفرت پر مبنی تھا۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ ملک کے اندر بحرانی صورت حال ہے۔ بحران کو گفتگو سے حل کیا جائے تاکہ حالات نہ بگڑیں۔ امید ہے تمام فریقین گفت و شنید سے اس مسئلے کا حل نکالیں گے۔ حکومت نے غیر سنجیدہ رویہ رکھا اور کالعدم تنظیم سے معاہدہ کرلیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top