جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عمران خان کے معاشی اقدامات کا فائدہ صرف سرمایہ دار خاندانوں کو ہورہا ہے : بلاول

27 اپریل, 2021 15:43

اسلام آباد : پاکستان میں غیر مساوی معاشی پالیسیوں کی بدولت امیر اور غریب میں خلیج گہری ہوتی جارہی ہے، عمران خان کے معاشی اقدامات کا فائدہ صرف مخصوص سرمایہ دار خاندانوں کو ہورہا ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری جاری بیان میں کہا ہے کہ دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والے عمران خان نے امیروں کیلئے الگ اور غریبوں کے لئے ایک الگ پاکستان بنادیا۔ ایمنسٹی اسکیموں میں ٹیکس چوروں کے لئے ریلیف ہے اور ٹیکس دینے والے تنخواہ دار طبقے کے لئے مہنگائی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مزدوروں اور کسانوں سے سبسڈی چھین کر صرف امیر طبقے کو نوازنا عمران خان کی تبدیلی ہے؟

عمران خان کے معاشی اقدامات کا فائدہ صرف اور صرف ملک کے مخصوص سرمایہ دار خاندانوں کو ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک ہاتھ سے اپنے سرمایہ دار دوستوں کو بے نامی جائیدادوں کو قانونی کرنے کی ایمنسٹی دیتے ہیں اور دوسرے ہاتھ سے مہنگی بجلی کا آرڈیننس جاری کردیتے ہیں۔ نئے پاکستان میں سرمایہ دار اور صنعت کار صارفین سے ٹیکس وصول کرکے خود ایمنسٹی اسکیموں سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے شوگر مافیا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے : حسن مرتضیٰ

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 135 امیر خاندانوں کو اپنے دور حکومت میں 43 ارب روپے تک کی ایمنسٹی دی۔ پی ٹی آئی حکومت نے 56 امیر خاندانوں کو 20 ارب روپے سے زائد کی ایمنسٹی دی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ امیروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا دعوی کرکے ایمنسٹی اسکیمز دینے والے بتائیں کہ عام آدمی کیلئے انہوں نے کیا کیا؟ انکم ٹیکس کے دائرے میں بھی نہ آنے والے آٹھ کروڑ سے زائد عام پاکستانی موبائل فون پر 12.5 فیصد تک پیشگی انکم ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں امیر آدمی ٹیکس کی چھوٹ سے فائدہ اٹھارہا ہے اور عام آدمی مختلف مد میں ٹیکس دینے کے بعد بھی ٹیکس چور کہلاتا ہے۔ پاکستان میں غیر مساوی معاشی پالیسیوں کی بدولت امیر اور غریب میں خلیج گہری ہوتی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی وہ واحد پارٹی ہے جو عام آدمی کے حالات کو سامنے رکھ کر معاشی پالیسیاں بناتی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top