جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عمران خان قومی اسمبلی کی چھ نشستوں پر کامیاب، ایک پر شکست

17 اکتوبر, 2022 08:45

اسلام آباد : قومی اسمبلی کی چھ نشستوں پر عمران خان پشاور، مردان  چارسدہ ، فیصل آباد، ننکانہ اور کراچی کی ایک سیٹ سے کامیاب ہوگئے۔

تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی خیبرپختونخوا کی 3، پنجاب کی 3 اور سندھ کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے، پولنگ کے بعد  ووٹوں کی گنتی اور غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کا سلسلہ  رات گئے تک  جاری رہا۔

تینوں صوبوں میں پی ڈی ایم اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کا پی ٹی آئی سے سخت مقابلہ ہوا، جن میں سے 7 نشستوں پر خود عمران خان نے بطور امیدوار حصہ لیا، چھ نشستوں پر عمران خان خود، جبکہ ایک نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو نے بلے کے نشان پر الیکشن لڑا، جنہیں پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی نے بھاری مارجن سے شکست دی۔

این اے 22 مردان کے تمام 330 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج  کے مطابق عمران خان 76 ہزار 681 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ جے یو آئی کے مولانا محمد قاسم 68 ہزار 181 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ووٹرز کا ٹرن اوور 32.94 فیصد رہا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 31 پشاور کا فارم 47 جاری کردیا ہے، جس کے مطابق عمران خان  57 ہزار 818 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے ہیں۔ اے این پی کے غلام بلور 32 ہزار 252  ووٹ لے سکے۔ جماعت اسلامی کے محمد اسلم 3 ہزار 817 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ ووٹرز ٹرن آؤٹ 20.28 فیصد رہا۔

این اے 24 چارسدہ سے تمام 384 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق عمران خان 78 ہزار 589 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ ایمل ولی 68 ہزار 356 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ یہاں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 29.02 فیصد رہا۔

این اے 108 کے 324 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عمران خان 91 ہزار 809 ووٹ لے کر آگے اور مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی 68 ہزار 984 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان خود انتخاب لڑ کر اپنے پارٹی رہنماؤں اور ووٹرز کی تذلیل کررہے ہیں: شیری رحمان

حلقہ این اے 118 کے 271  پولنگ اسٹیشنز کےنتائج کے مطابق عمران خان 75 ہزار 75 ووٹ لے کر کامیاب، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ڈاکٹر شذرہ منصب علی کھرل 64 ہزار 569 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں، جبکہ ٹی ایل پی کے پیر افضال حسین شاہ 20 ہزار 764 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

ملتان کے حلقہ این اے 157 کے 197 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی کے علی موسی گیلانی 79 ہزار 743 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوگئے ہیں۔ پی ٹی آئی کی امیدوار شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو 59 ہزار 993 ووٹ لے سکیں۔

این اے 237 ملیر کے 150 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتیجہ کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 20 ہزار 740 کے ساتھ پہلے، جبکہ عمران خان 17 ہزار 740 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر اور ٹی ایل پی کے سمیع اللہ خان دو ہزار 96 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 239 کورنگی کے 106  پولنگ اسٹیشن غیر حتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 16 ہزار 39 ووٹ لے کر کامیاب رہے، ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا دو ہزار 748 ووٹ لے کر دوسرے نمبر اور ٹی ایل پی کے محمد یاسین ایک ہزار 904 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 241 کے تمام 168 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے، جس کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک مظفر خان 59 ہزار 957 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امان اللہ ستار باجوہ 48 ہزار 147 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ووٹرز کا ٹرن آوٹ 48.83 فیصدرہا۔

پی پی 209 خانیوال میں پی ٹی آئی کے فیصل خان نیازی 71 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری ضیا الرحمن 57 ہزار 603 ووٹ حاصل کرسکے۔ ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 53.32 فیصد رہا۔

پی پی 139 کے تمام 153 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے افتخار احمد بھنگو 40 ہزار 829 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ پی ٹی آئی کے محمد ابو بکر 37 ہزار 712 ووٹ لے کر ہار گئے۔ ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 41.86 فیصد رہا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top