جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عمران خان بتائیں کون سے شعبے میں ترقی ہوئی؟ ہر شخص پریشان ہے : شاہد خاقان عباسی

27 اپریل, 2021 12:30

اسلام آباد : شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہر شخص مہنگائی سے پریشان ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ ترقی کا عمل ختم ہوچکا ہے، عمران خان بتا دیں کون سے شعبے میں ترقی ہوئی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے خلاف ایل این جی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ جج اعظم خان نے ریفرنس پر سماعت کی۔

دوران سماعت جج اعظم خان نے کہا کہ آج ہم تیسرے گواہ کا بیان قلمبند کرینگے۔ شاہد خاقان عباسی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ بیرسٹر ظفراللہ کی کورونا رپورٹ ابھی نیگیٹو نہیں آئی، وہ پیش نہیں ہو سکتے۔

عدالت نے کہا کہ بیرسٹر صاحب نہیں ہیں تو آپ کوئی اور وکیل مقرر کر دیں تاکہ سماعت آگے بڑھ سکے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں بیرسٹر صاحب سے بات کر کے بتا دیتا ہوں۔

جج اعظم خان نے کہا کہ یہ تو آپ غلط بات کر رہے ہیں، میں نے گزشتہ سماعت پر واضح بتایا تھا۔ پھر ہم یہ کریں کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت شروع کر دیں۔ اس طرح تو نہیں چلے گا۔ اگر ہمیں آج وقت ملتا ہے تو تیسرے گواہ کا بیان شروع کرینگے۔

معاون وکیل نے کہا کہ بیرسٹر صاحب کا اپنا ایک طریقہ کار ہے وہ کوئی اور نہیں اپنا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ اگر وقت ہوا تو ہم شاہد خاقان عباسی کی موجودگی میں بیان قلمبند کرینگے۔ قانون کے مطابق گواہ کے بیان کے وقت ملزم کا ہونا ضروری ہے۔ ہم تو وکلاء کو رعایت کرتے ہیں کہ ان کی بھی موجودگی پر بیان قلمبند کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : صرف اللہ سے معافی مانگوں گا اور کسی سے نہیں : شاہد خاقان کا اسپیکر کے نوٹس پر جواب

پیشی کے موقع پر مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان نے کہا ملک ترقی کر رہا ہے، ہم پوچھتے رہتے ہیں کہاں ترقی کر رہا ہے۔ عمران خان تقریر ہر روز کرتے ہیں، بتا دیں کون سے شعبے میں ترقی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی سوال کر رہا ہے، ملک کدھر جا رہا ہے؟ میری زندگی کا کیا ہو گا؟ ہر شخص مہنگائی سے پریشان ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ ترقی کا عمل ختم ہوچکا ہے، وزیر روز بدلے جاتے ہیں، چینی آج بھی ایک سو پندرہ روپے بک رہی ہے۔ جس پاکستان میں ہم رہتے ہیں، وہاں ہر شخص پریشان ہے۔ حکومتی آمدن وہی ہیں اور اخراجات بڑھ گئے ہیں۔ ملک کی معیشت مکمل طور پر تباہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تاریخ کی بدترین حکومت ہے ہر نظام تباہ ہو چکا ہے۔ کوئی افسر ایسا نہیں، جو بغیر پیسے کے لگایا گیا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان میں عوام کی نہ بات ہوئی نہ ہی امید ہے کہ ہو گی۔ ایک زمانے میں پارلیمان میں ملکی معاملات پر بات چیت کی جاتی تھی۔ کشمیر کے مسئلے پر ہر روز نئے بیان سامنے آتے ہیں۔ جس مسئلے پر کوئی دو رائے نہیں تھی، وہ سب سے متناعہ بن چکا ہے۔

شاہد خاقان عباسی سے سوال ہوا کہ مریم نواز نے حکومت کے پانچ سال پورے کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، کیا ن لیگ نے حکومت گرانے والی پالیسی بدل دی؟

جواب میں لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا جو عمران خان کو لائے ہیں، اللہ کرے وہ پانچ سال پورے کریں، تاکہ انہیں پتہ لگے۔ مریم نواز نے وہ بات اس حوالے سے کہی تھی۔

کورونا سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج لاک ڈاؤن کوئی حل نہیں ہے۔ آج حل لوگوں کو ماسک پہنانے اور ویکسین لگانے میں ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top