جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

حمیرا ارشد سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کو معطل کرانے لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئیں

15 نومبر, 2019 11:05

لاہور : گلوکارہ حمیرا ارشد اور اظہر حنیف نے فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کو معطل کرنے کی درخواست جمع کرادی۔

فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کو معطل کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

گلوکارہ حمیرا ارشد اور اظہر حنیف کی حارث سعید خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں وزارت داخلہ، پی ٹی اے، ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ کشمیر کے معاملے پر ٹوئٹر، فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کئے گئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی فیس بک اور ٹوئٹر ہیڈ کوارٹرز میں تعینات بھارتیوں کا پاکستان مخالف مہم چلانے میں ملوث ہونے کا ٹوئٹ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا مسترد

درخواست کے مطابق فیس بک اور ٹوئٹر پاکستانی صارفین کا تمام ڈیٹا ان غیر ملکی کمپنیوں کے پاس ہے، جو سکیورٹی رسک ہے۔ سوشل میڈیا قومی ایشو پر مہم کو روک کر نوجوان نسل میں فحاشی کو فروغ دے رہا ہے۔ پاکستان کا سوشل میڈیا کمپنیوں کیساتھ کوئی قانونی معاہدہ موجود نہیں، جس سے صارفین کی داد رسی ممکن نہیں۔

حمیرا ارشد اور اظہر حنیف کے مؤقف کے مطابق پاکستان میں دراز، علی ایکسپریس سمیت دیگر آن لائن کاروبار کرنیوالوں پر بھی کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ آن لائن کاروبار کرنے والی کمپنیوں پر ٹیکس عائد کرنے کیلئے قانون سازی کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ قومی اداروں کو سوشل میڈیا ایپلیکیشنز معطل کرنے کا حکم دیا جائے اور سوشل میڈیا پر فحش مواد، توہین رسالت صلی اللہ علیہِ وآلہ وسلم و دیگر قابل اعتراض مواد روکنے کیلئے فلٹر لگانے کا حکم دے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top