جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

کیا آپ فیس بک سے پیسے کمانا چاہتے ہیں؟ تو یہ تحریر آپ کیلئے ہے

23 اگست, 2023 12:59

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں پیسے کمانے کے بھی نئے ذرائع دریافت ہورہے ہیں۔ ایسا ہی ایک ذریعہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک بھی ہے۔

اگر آپ فیس بک سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس اس کیلئے بہت سے آپشنز موجود ہیں ۔ جنہیں استعمال کرکے باآسانی اپنی آمدنی میں معقول اضافہ کرسکتے ہیں۔

دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک میں تمام صارفین کے لیے پروفیشنل موڈ کا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کی مدد سے وہ اس پلیٹ فارم سے خاطر خواہ آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔

فیس بک دنیا کی مقبول ترین سوشل میڈیا سروس ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 3 ارب سے زائد ہے اور ساتھ ہی فیس بک آن لائن پیسے کمانے کا بھی بہترین ذریعہ بھی ہے۔

فیس بک سےپیسے کمانے کی شرائط

فیس بک سےپیسے کمانے کیلئے یہ جاننا لازمی ہے کہ آپ کے پیج پر کتنے فالوورز ہونا ضروری ہیں؟ جس کے بعد ہی آپ کیلئے آمدنی کا راستہ ہموار ہوگا۔

اس کام کے لیے مختلف چیزوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے جیسے کہ آپ کون سے فیس بک پروگرام سے پیسے کمانا چاہتے ہیں؟۔ اس کے مطابق فالوورز کی تعداد اور دیگر شرائط کو پورا کرنا ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ ہر فیس بک پروگرام کا حصہ بننے کے لیے فیس بک کمیونٹی اسٹینڈرڈز اور پارٹنر مونیٹائزیشن پالیسیوں پر عمل کرنا ہوتا ہے۔

ان اسٹریم ایڈز (In Stream Ads)

فیس بک کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ اشتہارات ہیں اور صارفین بھی اس میں سے حصہ حاصل کر سکتے ہیں۔

عموماً ان اسٹریم ایڈز فیس بک ویڈیوز کا حصہ بنتے ہیں اور اس پروگرام کا حصہ بننے کے لیے ایک ایسے فیس بک پیج کو تشکیل دینے کی ضرورت ہوتی ہے جس کے فالوورز کم از کم 10 ہزار ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کے پیج کی ویڈیوز پر گزشتہ 60 دن کے دوران کم از کم 6 لاکھ ویوز کا ہونا ضروری ہے۔ پیج پر کم از کم 5 ویڈیوز کی موجودگی ضروری ہوگی جبکہ صارف کی کم از کم عمر 18 سال ہونا شرط ہے۔

برانڈ کولیبز (Brand Collaboration)

اس پروگرام کا حصہ بننا ان اسٹریم ایڈز کے مقابلے میں زیادہ آسان ہے۔ بس آپ کو کسی برانڈ سے شراکت داری کرنا ہوگی جس کے عوض آپ کو آمدنی ہوگی۔ اس پروگرام کا حصہ بننے کے لیے کم از کم ایک ہزار فالوورز والے پیج کی ضرورت ہوگی۔

پیج پر کم از کم 15 ہزار پوسٹ انگیج منٹس لازمی ہے جبکہ ویڈیوز کو ایک لاکھ 80 ہزار منٹ تک دیکھا گیا ہو یا 3 منٹ طویل ویڈیوز کے ویوز 30 ہزار منٹس تک ہوں۔ اس پروگرام کا حصہ بننے کے لیے بھی کم از کم عمر 18 سال رکھی گئی ہے۔

سبسکرپشنز (Subscriptions)

یہ بھی فیس بک سے آمدنی کا ایک پروگرام ہے جو چند ممالک جیسے امریکا، برطانیہ، جرمنی یا بھارت تک محدود ہے، ان سے باہر دیگر ممالک کے صارفین انوی ٹیشن پر ہی اس کا حصہ بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں دنیا کی مہنگی ترین گاڑی تیار، قیمت اور رفتار اتنی کہ ہوش اڑ جائیں

اس پروگرام کے لیے بھی ایک فیس بک پیج کو تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس کے کم از کم فالوورز کی تعداد 10 ہزار ہونی چاہیے۔ 50ہزار پوسٹ انگیج منٹس اور ایک لاکھ 80 ہزار منٹس تک ویڈیو ویوز جیسی شرائط بھی پوری کرنا ہوں گی۔

فیس بک اسٹارز (Facebook Stars)

یہ فیچر سب سے پہلے 2021 میں مختلف ممالک میں متعارف کرایا گیا تھا اور ایک سال بعد پاکستانی صارفین کے لیے اسے پیش کیا گیا۔

اس فیچر سے کوئی بھی صارف اپنی تصاویر، ویڈیوز، لائیو اسٹریم یا تحریری پوسٹس سے پیسے کما سکتا ہے۔ فیس بک اسٹارز کے لیے صارفین کو اپنا ایک پیج بنانا ہوگا جس پر کم از کم 60 دنوں تک 500 فالوورز کا ہونا ضروری ہوگا۔

اسی طرح ذاتی پروفائل میں پروفیشنل موڈ کو فعال کرکے بھی اس پروگرام کا حصہ بننا ممکن ہے مگر کم از کم فالوورز کی تعداد 500 ہونا ضروری ہے۔

فیس بک کمیونٹی اسٹینڈرڈز اور پارٹنر مونیٹائزیشن پالیسیوں پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹارز پروگرام کے شرائط و ضوابط کو تسلیم بھی کرنا ہوگا۔

ایک صارف اپنے مداحوں کو اسٹار گول بتا سکتا ہے تاکہ لوگ اس کے مواد پر اسٹارز خرید کر بھیج سکیں۔ ان صارفین کو بینک اکاؤنٹ یا پے پال کی تفصیلات دینا ہوتی ہیں تاکہ پیسے وہاں جمع ہوسکیں۔

فیس بک ریلز (Facebook Reels)

مئی 2023 میں میٹا نے فیس بک اور انسٹا گرام صارفین کے لیے ریلز ویڈیو سے آمدنی کا حصول مزید آسان بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اس مقصد کے لیے ایک نئے پروگرام کو متعارف کرایا گیا جس کے تحت فیس بک اور انسٹا گرام پر پوسٹ کی جانے والے مختصر ویڈیوز میں مزید اشتہارات کو دکھایا جائے گا۔

یہ پروگرام کمپنی کی جانب سے آمدنی شیئرنگ کے روایتی طریقہ کار سے کچھ مختلف ہے۔ میٹا نے بتایا کہ نئے ماڈل کے تحت تخلیق کاروں کو ان کی پبلک ریلز ویڈیو کی کارکردگی پر پیسے دیے جائیں گے۔ آسان الفاظ میں صارف کی ویڈیو کو جتنی زیادہ بار دیکھا جائے گا، آمدنی اتنی زیادہ ہوگی۔ چاہے اس ویڈیو پر اشتہاری آمدنی کم ہی کیوں نہ ہو۔

فی الحال 52 ممالک کے صارفین اس نئے پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں، جن کو چند شرائط بھی پوری کرنا ہوگی، خیال رہے کہ ان ممالک میں ابھی پاکستان شامل نہیں۔

ان صارفین کے لیے ضروری ہوگا کہ انہیں پیمنٹ پروگرام کے لیے مدعو کیا جائے یا ان کا پہلے سے اسٹریم ایڈز کا رکن ہونا ضروری ہوگا۔

ان صارفین کا ایک پیج ہونا ضروری ہوگا یا نیا پیج بنانا ہوگا یا پروفائلز پر پروفیشنل موڈ ان ایبل کرنا ہوگا۔ ان صارفین کی عمر بھی کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top