جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

مسلسل چوتھی شکست:پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل

28 اکتوبر, 2023 12:10

آئی سی سی ورلڈکپ کے 26 ویں اور اہم ترین میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں کامیابی حاصل کرلی۔

جنوبی افریقا نے پاکستان کا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر 47.2 اوورز میں پورا کرلیا، ایڈن مارکرم 91 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا کافی مشکل ہوگیا،گرین شرٹس نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور اسے 4 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ایک ورلڈکپ میں مسلسل 4 میچز میں شکست ہوئی ہے۔

رواں ورلڈکپ میں پاکستان نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی لیکن پھر بھارت، آسٹریلیا ، افغانستان اور اب جنوبی افریقا سے شکست ہوئی ہے۔

پاکستان کے ابھی 3 میچز باقی ہیں، گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے قومی ٹیم کو اپنے بقیہ میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 270 رنز پر آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم 50 اور سعود شکیل 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جنوفی افریقا کی جانب سے تبریز شمسی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارکو یانسن نے 3 اور کوئٹزی نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پاکستان کے 271 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کا آغاز اچھا رہا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 9 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، حارث رؤف، وسیم جونیئر اور اسامہ امیر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ پڑھیں : 1992 کے ورلڈ کپ میں بھی یہ ہی حالات تھے : شعیب اختر

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top