جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ، 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی

02 دسمبر, 2023 22:00

چلاس: گلگت بلتستان میں شاہراہ قراقرم سے گزرنے والے مسافر بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے باعث 8 مسافر جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان میں واقعہ قصبہ چلاس سے متصل علاقہ ہڈور کے قریب شاہراہِ قراقرم سے گزرنے والی بس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

امدادی ادارے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں مسافر بس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے سبب خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے زخمیوں کو ریجنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس پہنچا دیا گیا ہے، فائرنگ کا شکار مسافر بس ضلع غذر کے مسافروں کو لے کر راولپنڈی جارہی تھی، ایک درجن سے زائد زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس پہنچایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گھوٹکی: سرکٹ ہاؤس میں فائرنگ، 2 رینجرز اہلکار شہید، 5 زخمی

نگراں وزیر داخلہ نے چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے، مسافروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سرفراز احمد بگٹی نے شہداء اور زخمی افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ کارروائی ہے، ملک دشمن امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، دہشتگردوں کی فائرنگ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے مزید بلند کر دیتی ہیں، ملک دشمن گلگت بلتستان جیسے پرامن علاقے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستانی قوم کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top