بدھ، 9-اکتوبر،2024
بدھ 1446/04/06هـ (09-10-2024م)

ماہرین نے خوشبو سے ڈپریشن کا علاج ڈھونڈ نکالا

17 فروری, 2024 17:10

خوشبو لگانے کا شوق تو سب ہی کو ہوتا ہے کیونکہ یہ ہمیں تازگی کا احساس دلاتا ہے تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ خوشبو سے ڈپریشن کا علاج بھی ممکن ہے۔ ماہرین کے مطابق خوشبو صرف ہمیں ترو تازہ کرنے کیلئے ہی نہیں بلکہ ڈپریشن کو دور کرنے کیلئے بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔

آج کے دور میں ہر دوسرا شخص ڈپریشن یعنی ذہنی دباؤ میں مبتلا ہے، یہ ایک ایسی بیماری ہے جو اگر انسان پر حاوی ہوجائے تو وہ اسے موت کے قریب بھی لے جا سکتی ہے۔

ڈپریشن آہستہ آہستہ انسان کو اندر سے کھوکلا کردیتا ہے، ہمارے معاشرے میں ڈپریشن کو باقاعدہ ایک بیماری کو درجہ نہ دے کر اسے درگزر کیا جاتا ہے تاہم اس مرض سے بچنے کے لیے لوگ ڈاکٹر سے بھی رجوع کرتے ہیں جو انہیں مختلف علاج بتاتے ہیں اور ذہنی سکون کی دوائیاں دیتے ہیں۔

تاہم اس حوالے سے ایک نئی تحقیق سامنے آئی ہے جس کے مطابق ڈپریشن کو خوشبو سے کم یا پھر ختم بھی کیا جا سکتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق خوشبو سونگھنے سے مثبت احساس ہوتا ہے اور چند کیسز میں اسے دواؤں سے زیادہ مؤثر پایا گیا ہے، یہ ڈپریشن کے شکار لوگوں کو منفی سوچوں سے آزاد کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

یونیورسٹی آف پٹسبرگ کی جانب سے ایک تحقیق میں 18 سے 55 سال کی عمر کے 32 ایسے افراد کا معائنہ کیا گیا جو ڈپریشن کا شکار تھے۔

تمام افراد کو مختلف قسم کی خوشبوئیں سونگھائی گئیں جن میں وِکس، گراؤنڈ کافی، ناریل کا تیل، زیرہ پاؤڈر، ریڈ وائن، ونیلا ایکسٹریکٹ، لونگ ،پالش اور کیچپ شامل تھیں۔

خوشبو کو سونگھنے کے بعد نیورو سائنسدانوں نے شرکاء سے کسی مخصوص لمحے کو یاد کرنے کو کہا۔

تحقیق کے مرکزی مصنف کیمبرلی ینگ نے اس حوالے سے بتایا کہ وہ افراد جو ہر وقت اداس رہتے تھے، جب انہوں نے خوشبو سونگھی تو ان میں عام خیال کے مقابلے میں خوشگوار لمحات یا واقعات کو یاد رکھنے کے امکانات بڑھ گئے۔

اس تحقیق سے یہ ثابت ہوا کہ خوشبو سے ڈپریشن کے شکار لوگوں میں مثبت سوچ اور یادداشت کو بڑھانے میں مدد ملی اور ڈپریشن میں کمی واقع ہوئی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top