جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

بلاول بھٹو کا بجلی کے 300 سے کم یونٹ استعمال کرنیوالے کیلئے نرخوں میں کمی کا مطالبہ

26 اپریل, 2021 16:08

کراچی : بلاول بھٹو زرداری نے بجلی کے 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے عام آدمی کیلئے نرخوں میں فی الفور کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے معاملے پر پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے عمران خان کو بجلی کے بل بڑھانے کی ہدایت کی اور پی ٹی آئی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کا آرڈیننس جاری کردیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کی ہدایات پر پاکستانی معیشت کو چلا کر ملکی وقار کو ملیامیٹ کردیا ہے۔ پاکستان کے عوام اپنے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے ذریعے عمران خان کی آئی ایم ایف ڈیل میں نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی کے صدارتی آرڈیننس اور نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے بعد عمران خان عوام کی جیبوں سے 700 ارب روپے سے زائد نکالنے کا منصوبہ بناچکے ہیں۔

عمران خان کو اپنی جس کارکردگی پر فخر ہوچکا ہے، عوام ہاتھوں میں بجلی اور گیس کے مہنگے بل لئے اس کارکردگی کو ڈھونڈ رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آٹھ روپے فی یونٹ پر بجلی کا بل پھاڑدینے والے عمران خان 21 روپے فی یونٹ تک بجلی مہنگی کرکے اپنی کارکردگی کے گن گارہے ہیں۔ عمران خان کو گرمی اور روزے کی حالت میں مہنگے بل کی وجہ سے ائیرکنڈیشنر چلانے سے گریزاں ایک متوسط طبقے کے گھرانے کے حالات کا کوئی اندازہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : قومیں ایک غلط فیصلے یا حکمرانوں کی نااہلی سے بھی تباہ ہو جاتی ہیں : قمر زمان کائرہ

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مدینے کی ریاست میں متوسط طبقے کے ایک عام آدمی کی جمع پونجی کیا صرف بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کے لئے صرف ہوگی؟ پی ٹی آئی نے مہنگائی کے خلاف ڈی چوک پر دھرنے دلوا کر عوام کو بجلی کے مہنگے بل بھرنے کیلئے بینکوں کی قطار میں کھڑا کروادیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب، بجلی اور گیس کے بل مہنگا کرنے کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں نہیں بلکہ آپ خود ہیں۔

سلیکٹڈ وزیراعظم گیس اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کرکے غریب آدمی پر معاشی بم گرانے کے بجائے اپنی جہازی سائز کابینہ کے شاہانہ خرچے کم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کی صورت میں پاکستان کے عوام تبدیلی کی خوف ناک قیمت ادا کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی ظالم حکومت کا 300 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے عام صارفین کیلئے بھی بجلی مہنگی کرنا غریب دشمنی کی انتہا ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کم از کم بجلی کے 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے عام آدمی کیلئے فی الفور نرخوں میں کمی کا اعلان کریں۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے ملک میں مہنگائی کا سونامی لاکر تباہی مچادی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج بجلی اور گیس مہنگی ہونے کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں کمی سے برآمدات کا شعبہ بھی متاثر ہورہا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ کھاد کو مہنگا کردے گا، جس سے زراعت سے وابستہ ملک کی 43 فیصد افرادی قوت اور جی ڈی پی کا 20 فیصد حصہ متاثر ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top