جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عوام کا خون روز نچوڑنے سے بہتر ہے، عمران نیازی قوم کی جان چھوڑ دیں : شہباز شریف

16 اکتوبر, 2021 14:58

اسلام آباد : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزارت عظمیٰ سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں، عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے، عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دے دیا ہے۔

جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے۔ منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران نیازی استعفی دیں، صرف اسی طرح ملک وقوم کو ریلیف مل سکتا ہے۔ عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے، عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ رعایتی نمبر ملنے کے باوجود عمران نیازی ملک اور عوام کی خدمت میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ مہنگائی بڑھے تو وزیراعظم کرپٹ ہے، اپنی کہی بات پر عمل کریں، ایسے شخص کو وزارت عظمیٰ سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول مہنگا کرنا ثابت کرتا ہے کہ عمران خان ایک عوام دشمن وزیراعظم ہے : بلاول بھٹو

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانا مظلوم عوام کی بددعائیں لینا ہے۔ ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ غریب آدمی مرگیا ہے، کہاں جائے؟ گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟

انہوں نے کہا کہ 20 ہزار تنخواہ والے کا 10 ہزار بجلی کا بل آرہا ہے، یہ اچھے دن لائے ہیں؟ 10 ہزار تنخواہ پانے والا کیا کھائے گا؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟

ان کا کہنا تھا کہ قوم کو 46 روپے لیٹر پٹرول کا وعدہ کرکے عمران نیازی نے پٹرول کی قیمت 173 روپے فی لیٹر سے زیادہ کردی، یہ تھی آپ کی صداقت؟

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے، پھر عمران نیازی کہتے ہیں کہ قوم کو مہنگائی بڑھنے کی وجہ سمجھ نہیں آتی؟ مہنگائی بڑھنے، معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ عمران نیازی ہیں، قوم کو یہ سمجھ آچکی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top