جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اینکر مرید عباس اور دوست کی نماز جنازہ ادا، مقدمہ درج، پولیس کے چھاپے

10 جولائی, 2019 10:25

کراچی : ڈیفنس میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بول ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور دوست خضر کے پوسٹ مارٹم کے بعد نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے ڈیفنس خیابان بخاری میں بول ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور ان کے دوست خضر پر عاطف زمان نامی شخص نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں مرید عباس جاں بحق ہوگئے۔

مقتول کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ عاطف زمان بزنس پارٹنر تھا اور اس نے مرید کو 50 لاکھ  کی رقم واپس کرنے کی غرض سے اپنے دفتر بلوایا تھا۔

جناح اسپتال کے ایم ایل او کا کہنا ہے کہ مقتولین کی موت سینے پر گولیاں لگنے کی وجہ سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق قاتل عاطف زمان نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مارلی، جسے تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساوتھ انویسٹی گیشن طارق دھاریجو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عاطف، خضر اور مرید آپس میں دوست تھے، کافی عرصے سے تینوں کے درمیان پیسوں کے لین دین کا معاملہ چل رہا تھا، اس سے قبل بھی ان لوگوں کی میٹنگ ہوتی تھی۔

طارق دھاریجو نے مزید بتایا کہ میٹنگ کے لیے عاطف نے خضر اور مرید کو بلایا، عاطف نے فائرنگ کرکے خضر اور مرید کو قتل کیا، دونوں کو قتل کرنے کے بعد عاطف نے اپنے فلیٹ میں خود کو گولیاں مارلی، عاطف زمان اس وقت نجی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

پوسٹ مارٹم کے بعد مقتولین کی نماز جنازہ چھیپا سرد خانےکی باہر ادا کی گئی، نماز جنازہ میں صحافتی برادری سمیت دوست احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

رات گئے اینکر پرسن مرید عباس اور خضر حیات کی میتیں ایئر پورٹ پہنچائی گئی، جسے صبح 30 : 8 بجے نجی ایئر لائن کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا گیا۔ اسلام آباد سے بذریعہ زمینی راستہ میتوں کو میانوالی پہنچایا گیا۔

فائرنگ کرنے والا ملزم عاطف کی حالت تشویشناک ہے، عاطف نے اپنے بھائی کے لائسنس یافتہ اسلحہ سے فائرنگ کی، پولیس کو عاطف کے بھائی کی تلاش ہے جس کے لیئے رات گئے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے گئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نظیر کے مطابق واقعہ کے دو مقدمات درج کرلیئے گیئے ہیں۔ کراچی نجی ٹی وی کے اینکر کے قتل کا مقدمہ مقتول کی اہلیہ زارا عباس کی مدیعت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ نمبر 382 قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ کراچی دوسرا مقدمہ عاطف زمان کا اقدام خودکشی پر سرکار کی مدعیت میں تھانہ درخشاں میں درج کیا گیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top