جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

اتنی ساری قربانیاں دینے کے بعد ہم پاگل ہیں جو کسی سے ڈیل کرلیں : مریم نواز

06 جولائی, 2021 15:23

اسلام آباد : مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہماری کسی کے ساتھ ڈیل کیوں اور کس لیے ہوگی، اتنی ساری قربانیاں دینے کے بعد ہم پاگل ہیں جو کسی سے ڈیل کرلیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 15 جولائی سے ایون فیلڈ اپیلوں پر کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کی اپیلوں پر بہت زیادہ تاخیر نہیں کرسکتے۔ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیلیں 15 جولائی تک ملتوی کر دی گئیں۔

سماعت کے بعد نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کشمیر الیکشن کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ سوات کے جلسے میں پوری جماعت کی نمائندگی شہباز شریف نے کی۔ جہاں شہباز شریف ہوں وہاں ہماری ضرورت نہیں ہوتی۔

سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے حکومت کو ہزارہ برادری کے پاس جانا چاہیئے۔ عمران خان کا کہنا تھا وہ لاشوں سے بلیک میل نہیں ہوں گے۔ آپ کے قول و فعل میں تضاد ہوگا تو بلوچستان ڈوب جائے گا۔ بلوچوں کے تحفظات کو دور ہونا چاہیئے۔ بلوچ اتنے ہی پاکستانی ہیں، جتنے میں اور آپ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر الیکشن مہم؛ مریم نواز کے جلوسوں کا شیڈول طے کرلیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی کے ساتھ ڈیل کیوں اور کس لیے ہوگی۔ جن کے خلاف جدوجہد جاری رہی، ان کے ساتھ ڈیل کیسے ہوسکتی ہے۔ اتنی ساری قربانیاں دینے کے بعد ہم پاگل ہیں جو کسی سے ڈیل کرلیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کل پرسوں میں آزاد کشمیر جارہی ہوں۔  آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے تو ن لیگ کامیاب ہوگی۔ آزاد کشمیر کا الیکشن اکثریت سے جیتیں گے۔

آزاد کشمیر میں ن لیگ سب سے مضبوط جماعت ہے۔ تحفظات کے باوجود بھی آزاد کشمیر میں مضبوط ترین ن لیگ ہے۔ الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش نہ کریں۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان سے پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کریں۔ آپ کو خارجہ پالیسی نہیں بنانی چاہیے۔ سیاسی اور خارجہ پالیسی میں فرق ہونا چاہیے۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے یک زباں ہو کر آواز بلند کی جائے۔  سیاسی اسٹینڈرڈ سے خارجہ پالیسی لنک نہیں ہونی چاہیے۔ قوم کے سامنے جھوٹ نہیں بولنا چاہیئے۔ اصل پالیسی کچھ اور ہے اور آپ قوم کو کچھ اور پالیسی بتائیں۔

صحافی ندیم ملک کو ملنے والے ایف آئی اے کے نوٹس کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارشد ملک کو بلیک میل کرنے والوں کو پکڑنا چاہیے، جنہوں نے سچ بیان کیا انہیں نہیں۔ نواز شریف کو جھوٹی سزا دلوانے کی کوشش کی گئی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب وقت آئے گا تو حساب کتاب ہوگا۔ یہ حکومت جب جائے گی تو واپس نہیں آئے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان کی خود وضاحت کردی کہ سیاق و سباق کے ہٹ کر بیان نشر ہوا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top