جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

تھائی لینڈ ہم جنس شادیوں کا پہلا ایشیائی ملک بن گیا

20 جون, 2024 13:48

تھائی لینڈ جنوب مشرقی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی حیثیت دے دی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ملک کی سینیٹ نے منگل کو شادی کی مساوات کے قانون کو حتمی طور پر پڑھنے کی منظوری دے دی ہے۔

مارچ میں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے منظور ہونے والے اس تاریخی قانون کو کارکنوں اور سیاست دانوں کی جانب سے ایک ’یادگار پیش رفت‘ کے طور پر خوش آمدید کہا گیا ہے جو دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اس کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:عراق میں ہم جنس پرستوں کو 15 سال قید کی سزا دینے کا بل منظور

ہم جنس پرستوں کی شادی سے متعلق پارلیمانی پینل کی رکن پلیفہ کیوکا شوڈلاڈ نے کہا کہ ہمیں تاریخ رقم کرنے پر فخر ہے، آج محبت نے تعصب پر فتح حاصل کی ہے۔ 20 سال تک لڑنے کے بعد آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس ملک میں شادی کی مساوات ہے۔

اس بل کو سینیٹ میں متفقہ طور پر حمایت حاصل ہوئی، جیسا کہ ایوان زیریں میں ہوا تھا، اور بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن کی طرف سے اس کی منظوری کیلئے تیار ہے۔

اس قانون کی منظوری کے فورا بعد تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ میں جشن منایا گیا جہاں قانون سازوں اور کارکنوں نے قوس قزح کے جھنڈے لہرائے اور خوشی کا اظہار کیا اور کچھ نے اظہار یکجہتی کے لیے اپنی مٹھیاں بلند کیں۔

تھائی لینڈ اپنی متحرک ایل جی بی ٹی کیو + ثقافت کیلئے جانا جاتا ہے۔ تائیوان اور نیپال کے بعد یہ ایشیا کا تیسرا ملک ہے جس نے ہم جنس پرست جوڑوں کو شادی کا قانونی حق دیا ہے۔

تھائی وزیر اعظم نے گزشتہ سال کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ نے ہم جنس پرست جوڑوں کے مساوی حقوق فراہم کرے گی۔ شادی کا سرٹیفکیٹ انہیں صحت کی دیکھ بھال اور وراثت کے حقوق سمیت متعدد فوائد فراہم کرے گا، جن سے وہ طویل عرصے سے محروم رہے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top