مقبول خبریں
پاکستان نے ایران میں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایران کے علاقے سیستان میں کیے جانے والے حملے پر بیان جاری کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 18 جنوری کی صبح پاکستان نے ایران میں اسٹرائکس کیں، ان دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کیں جو پاکستان میں حالیہ حملوں میں ملوث تھے، پاکستان نے حملہ آور ڈرونز، راکٹس اور دیگر ہتھیاروں سے کارروائی کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیستان میں بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ کی پناہ گاہوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، خفیہ نشاندہی پر کیے گئے آپریشن کو ‘مرگ برسرمچار’ کا نام دیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نشانہ بنائے گئے ٹھکانے بدنام زمانہ دہشتگرد استعمال کر رہے تھے، یہ پناہ گاہیں بدنام زمانہ دہشتگرد دوستہ عرف چیئرمین، بجرعرف سوغت، ساحل عرف شفق، اصغرعرف بشام اور وزیر عرف وزی سیت بھی استعمال کرتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ایران میں جوابی کارروائی، دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کی کارروائیوں کے خلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کویقینی بنانے کے لیے مستقل تیار ہے، ہمارا عزم ہے پاکستان کی علاقائی حدود کی خودمختاری کو ہر صورت میں محفوظ بنائیں گے، کسی بھی قسم کے مس ایڈونچر کے بارے میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، عوام کی مدد سے پاکستان کے تمام دشمنوں کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کسی بھی برادر ملک کیساتھ برابری کی بنیاد پر ہی ڈائیلاگ معاملات کو آگے بڑھاسکتے ہیں، پاکستان کی سلامتی کیخلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیاجائے گا۔