جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

جنگ بندی کا آغاز : حماس نے 24 یرغمالی اور اسرائیل نے 39 فلسطینیوں کو رہا کردیا

25 نومبر, 2023 11:16

 

مزاحمتی تنظیم حماس نے 7 اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے 24 یرغمالیوں کو رہا کردیا جبکہ جواب میں اسرائیل نے اپنی جیلوں میں قید 39 فلسطینی بچوں اور خواتین کو رہا  کردیا۔

مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 4 روزہ جنگ بندی کاباقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

عارضی جنگ بندی کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا ہے جو اگلے 4 روز یعنی منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہے گا۔

جنگ بندی کے دوران اسرائیل حماس معاہدے کے تحت قیدیوں کا تبادلہ کیا جانا ہے۔

حماس کے عسکری ونگ  کے ترجمان نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ کے شہریوں سمیت 24 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا ہے۔

فلسطینی نشریاتی ادارے نے بتایاکہ القسام بریگیڈز نے یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا جس کے بعد ریڈکراس نے انہیں مصر کے حوالے کردیا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق القسام کی قید سے رہائی پانے والوں میں دہری شہریت کے حامل افراد سمیت 13 اسرائیلی، 10 تھائی اور ایک فلپائن کا شہری شامل ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی اہلکار نے بھی حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یرغمالیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر مقبوضہ تل ابیب کے مضافات میں قائم شنائیڈر اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

وہیں اسرائیلی ریڈیو نے کہا ہے کہ ابتدائی طبی معائنے میں تمام یرغمالیوں کو صحت مند قرار دیا گیا۔

حماس کی جانب سے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بعد قابض فوج نے بھی 39 فلسطینی قیدی خواتین اور بچوں کو رہا کردیا۔

فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کی مختلف جیلوں سے عوفر جیل منتقل کیا گیا جہاں سے 24 فلسطینی خواتین اور 15 بچوں کو اسرائیلی حکام رہا کرتے ہوئے ریڈ کراس کے حوالے کیا۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسرائیل کی جانب سے 39 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔

یہ پڑھیں : غزہ میں چار روزہ عارضی جنگ بندی کا معاہدہ طے پاگیا

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top