جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

190ملین پاؤنڈ اسکینڈل : چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم نامہ جاری

24 نومبر, 2023 12:27

احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیاہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 5 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیاہے۔

حکم نامے کے مطابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی ہے۔

نیب نے بتایاہے کہ علی ظفر ایڈووکیٹ نیب کی طلبی پر 23 نومبر کو نیب دفتر پیش ہوئےہیں۔

احتساب عدالت کے حکم نامے کے مطابق نیب نے بتایا کہ علی ظفر ایڈووکیٹ نے متعلقہ ریکارڈ نیب کو فراہم کر دیاہے، علی ظفر نے 24مارچ2021ء کے معاہدے کا ریکارڈ بھی نیب کو دے دیا ہے۔

احتساب عدالت کی طرف سے جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق نیب حکام نے کہا ہے کہ قومی خزانے کو منتقل ہونے والی رقم سے متعلق تفتیش کرنی ہے، تفتیش مکمل کر کے کیس کو حتمی نتیجے تک پہنچانے کے لیے مزید ریمانڈدرکارہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق وکلاصفائی نے مزید ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے 2لیٹر پیش کیےہیں۔

حکم نامے میں وکلاء نے کہاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا رقم منتقلی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

احتساب عدالت کے حکم نامے کے مطابق وکلاء صفائی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا 240 کنال اراضی منتقلی سے بھی کوئی سروکار نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے دو کینسر اسپتال بنوائے تیسرا کراچی میں بن رہا ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت 10 کے بجائے 4 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتی ہے۔

احتساب عدالت کے حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو27نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیاجائےگا۔

یہ پڑھیں:چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سمیت 29 افراد کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top