جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سپریم کورٹ: پرویز مشرف کی سزاکے خلاف اپیل سماعت کیلئے منظور

10 نومبر, 2023 14:05

 

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہرمن اللہ پر مشتمل 4 رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف مرحوم کی سزا سے متعلق اپیلوں پر سماعت کی۔

اس سلسلے میں خصوصی عدالت کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل میں حامد خان، پاکستان بارکونسل کی جانب سے عابد ساقی، سندھ ہائیکورٹ بار کی طرف سے رشید اے رضوی اور سابق صدر پرویزمشرف کی جانب سے سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

اس کیس کی سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے کہا کہ اچھا ہے تمام وکلا موجود ہیں، بینچ کے بارے میں چہ مگوئیاں ہورہی تھیں، وضاحت کرنا چاہتا ہوں، میں بینچزتبدیل کرنے کے حق میں نہیں، جسٹس منصورکوبینچ میں اس لیے شامل کیاکہ یہ ماضی میں مقدمہ سن چکے ہیں۔

اس دوران پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ فوجداری قانون میں ترمیم کےبعد خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائرکی، خصوصی عدالت کا پرویزمشرف کے خلاف فیصلہ متفقہ نہیں تھا، پرویز مشرف کی عدم موجودگی میں سزا سنائی گئی۔

چیف جسٹس نے پرویز مشرف کے وکیل سے سوال کیا کہ سپریم کورٹ میں آپ کی درخواست کو نمبرکیوں نہیں لگا؟ اس پر وکیل نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا کہ سزا یافتہ کے سرنڈر کیے بغیر اپیل دائر نہیں ہوسکتی، سپریم کورٹ نے ان چیمبر سماعت میں اپیل اعتراضات کے ساتھ کھلی عدالت میں مقررکرنے کا کہا۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ چیمبرسماعت کے بعد اپیل کب مقرر ہوئی تھی؟ سلمان صفدر نے بتایا کہ چیمبر سماعت کے بعد آج اپیل سماعت کیلئے مقرر ہوئی ہے، اپیلیں اتنی تاخیرسے کیوں مقرر ہوئیں اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اگر عدالت کی غلطی ہے تو کہیں، آپ سینئر وکیل ہیں اس پر سلمان ٖصفدر نے کہا کہ سزائے موت پر عملدرآمد سے پہلے اپیل کا سنا جانا بنیادی حق ہے، چیمبر میں بھی استدعا کی تھی کہ معاملہ عدالت میں مقررکیا جائے۔

بعد ازاںسپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی سزا کیخلاف اپیل مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور کر تے ہوئے پرویز مشرف کی اپیل کو نمبر لگانے کا حکم دے دیا ۔

یہ پڑھیں : نماز جنازہ ادا، پرویز مشرف کو فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کردیا گیا

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top