جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

افغانستان سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل

30 اکتوبر, 2023 22:09

پونے: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں افغانستان سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔

ورلڈکپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان کوشل مینڈیس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر سری لنکا نے افغانستان کو جیت کے لیے 242 رن کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر پتھم نسانکا اور دیموتھ کرونارتنے نے کیا لیکن یہ اوپننگ جوڑی افغانستان کے بولروں کے سامنے اپنی ٹیم کو زیادہ اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔

پانچویں اوور میں دیموتھ کرونارتنے فضل حق فاروقی کی گیند پر 15 رن بناکر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد پتھم نسانکا 60 گیندوں پر 46 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد سری لنکا کی تیسری وکٹ مجیب الرحمان کے حصے میں آئی جب انہوں نے 39 رن پر کپتان کوشل مینڈیس کو واپسی کی راہ دکھائی اس کے بعد مجیب نے ہی سدیرا سماراوکرما کو صرف 4 رن پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔

ان کے علاوہ چیریتھ اسالنکا نے 22 اور اینجلیو میتھیوز نے 23 رن کی اننگ کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے بدترین شکست، بابر اعظم سمیت کئی کرکٹرز ہوٹل میں رو پڑے

سری لنکا کی ٹیم 49.3 اوور میں 241 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فضل حق فاروقی نے 34 رن دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کی ٹیم نے 242 رن کے ہدف کے تعاقب میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور 242 رن کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 46 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

افغان بلے باز رحمت شاہ نے 62 اور ابراہیم زدران نے 39 رن کی اننگز کھیلیں، رحمان اللہ گرباز صفر پر آؤٹ ہوئے۔

عظمت اللہ عمرزئی 73 رن کے ساتھ ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

ان کے ساتھ حشمت اللہ شاہدی بھی 58 رن کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدو شاناکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top