جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

گیس کی تقسیم پالیسی پر نظرثانی کی جائے، لوگ مشکل میں ہیں : وزیر اعلیٰ سندھ

06 اپریل, 2023 13:53

کراچی : وفاقی اور صوبائی حکومت نے گیس کے مسائل کے حل کے لیئے کمیٹی قائم کردی، وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ گیس کی تقسیم پالیسی پر نظرثانی کی جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مملکتی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے ملاقات کی، جس میں وزیر توانائی امتیاز شیخ، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری، سیکریٹری توانائی، وفاقی حکومت کی طرف سے سیکریٹری پیٹرولیم کیپٹن (ر) محمد محمود، ڈائرکیٹر گیس رشید جوکھیو شریک تھے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں گیس کا بہت بحران ہے۔ لوگ مشکل میں ہیں۔ پاکستان میں 33 ہزار 581 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا ہوتی ہے، جس میں سے سندھ اکیس سو سے بائیس سو تک پیدا کرتا ہے۔ 62 تا 63 فیصد گیس پیداوار سندھ میں ہوتی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گیس کی ضرورت سولہ سو سے سترہ سو ہے۔ ضرورت کے برعکس سندھ کو 600 تا 700 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے۔

مملکتی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان سے 3200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا ہوتی ہے۔ 200 ایم ایم سی ایف صی گیس فلڈ کے کمپریسرز کے لئے استعمال ہوتی ہے۔ 300 ایم ایم سی ایف ڈی میں سے 1400 پاور سیکٹر کو فراہم کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائپ لائن سے 1600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ایس ایس جی سی اور ایس این جی سی کو فراہم ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں بلڈر آفس پر فائرنگ 5 کروڑ بھتہ نہ دینے پر کی گئی : پولیس

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گیس کی کمی کی وجہ سے ہمارا انڈسٹریل سیکٹر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ صنعت کا پیا رک گیا ہے۔ صوبے کی 1000 گیس کی اسکیمز منظور کی تھیں۔ جو 11-2010 سے زیر التواء ہیں۔ ایس ایس جی سی والے کہتے ہیں کہ اسکیمز پر کام جلد شروع کریں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کا حق ہے کہ اس کو یہاں سے نکلنے والی گیس دی جائے۔ مقامی گیس سے درآمد شدہ آر ایل این جی تین گنا زیادہ مہنگی ہے۔ رمضان شریف میں گیس کی لوڈشیڈنگ روزہ داروں کیلئے بڑا مسئلہ ہے۔ سحری اور افطاری میں لوگ شدید پریشان ہوتے ہیں۔

اجلاس میں گیس کے مسائل حل کرنے کے لئے کمیٹی قائم کردی ہے۔ اراکین کے نام اگلے دو دنوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں طے کریں گی۔ کمیٹی اگلے 15 یوم میں اپنی اپنی تجاویز دے گی۔ 15 دنوں کے بعد اجلاس میں فیصلے ہوں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مملکتی وزیر پر زور دیا کہ گیس کی تقسیم پالیسی پر نظرثانی کی جائے۔ جو صوبہ گیس پیدا کر رہا ہے اس کو گیس ملنے چاہیئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top