جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

جج دھمکی کیس : عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ، قابل ضمانت میں تبدیل

31 مارچ, 2023 14:23

اسلام آباد : عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ پر نظرثانی اپیل پر میں ناقابل ضمانت وارنٹ کو قابل ضمانت میں تبدیل کردیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ پر نظرثانی اپیل پر سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج سکندرخان کی عدالت میں عمران خان کے جونیئر وکیل ذکریہ عارف، تھانہ مارگلہ کے تفتیشی افسر کی جگہ سب انسپیکٹر سغیر علی ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔

جونیئر وکیل نے کہا کہ عمران خان کے سینیئر کونسل علی بخاری کو دل کا عارضہ لاحق ہے۔ علی بخاری اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کی جائے۔ عدالت نے عمران خان کے کسی سینیئر کونسل کو عدالت پیش ہونے کی ہدایت کی اور وقفہ کردیا۔

جونیر سرکاری وکیل نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کیس میں اسپیشل پراسیکوٹر رضوان عباسی ہیں۔ وہ ساڑھے گیارہ بجے تک عدالت پہنچ جائیں گے، جس پر عدالت نے ایک بار پھر وقفہ کردیا۔

وقفے کے مطابق اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی اور عمران خان کے جونیئر وکیل کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔ جونیئر وکیل نے بتایا کہ فیصل چوہدری سپریم کورٹ سے آرہے ہیں۔

اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے استدعا کی کہ پیر کے روز دلائل رکھ لیتے ہیں، جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ پھر پیر تک عمران خان کے وارنٹ کی توسیع کر دیتے ہیں۔ پراسیکوٹر نے کہا کہ نہیں پھر دلائل آج ہی طلب کرلیں، ورنہ ملزم کو ریلیف مل جائے گا۔ عدالت نے ایک بار پھر وقفہ کردیا۔

اپیل کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوگئے اور کہا کہ میں سپریم کورٹ چھوڑ کر رسک پر سیشن عدالت آیا ہوں، جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ سیشن ہو یا ہائیکورٹ! عدالت تو عدالت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو بڑا ریلیف، کیس کی مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی

فیصل چوہدری نے کہا عمران خان قتل ہونے سے پہلے ہر عدالت پیش ہوئے، جس پر جج نے قہقہے لگاتے ہوئے استفسار کیا کہ قتل ہونے سے پہلے؟ کیا بات کر رہے ہیں آپ؟ ہم چاہتے ہیں ہر عدالت ہر ملزم کے لیے محفوظ ہو۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ پیر تک سماعت میں وقفہ کردیں اور وارنٹ معطل ہی رکھیں۔

وکیل نے کہا کہ عمران خان کے کیس کو معمولی کیس کے طور پر کیوں نہیں لیا جاتا؟ کیا حکومت عدالت کے کندھے پر رکھ کر فیصلہ اپنے حق میں چاہتی ہے؟

پراسیکوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ بلکل قانون کے مطابق ہے۔ عمران خان پیش نہیں ہوئے اور معمول کے مطابق پیش نہیں ہوئے۔ بار بار عمران خان کی عدم حاضری پر عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کے 18 اپریل تک جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کردیا۔ عدالت نے بیس ہزار روپے ضمانتی مچلکوں کے عوض قابل ضمانت میں وارنٹ تبدیل کر دیئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top