جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

آڈیو ویڈیوز کے ذریعے سپریم کورٹ کو بدنام کیا جارہا ہے، ان کی کوئی حیثیت نہیں : چیف جسٹس

22 مارچ, 2023 13:02

اسلام آباد : چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہر روز نئی آڈیو ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں، سپریم کورٹ کو بدنام کیا جارہا ہے، ہم صبر سے کام لے کر آئینی ادارے کا تحفظ کریں گے۔

سپریم کورٹ میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے کہا کہ ہم نے آئینی اداروں کو اپنے فیصلوں میں تحفظ دیا ہے۔ عدلیہ پر بھی حملے ہو رہے ہیں، جس کا بھی تحفظ کریں گے۔ سروسز ٹربیونل کے ایک بینچ نے غلام محمود ڈوگر کو بحال کیا۔ دوسرے بینچ نے بحالی کا فیصلہ معطل کردیا۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی میں تبادلوں کی منظوری کے بعد آپ کا معاملہ ویسے بھی غیر مؤثر ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، جسے ہم تحفظ فراہم کریں گے۔ الیکشن کمیشن کو آئین کے تحت اختیارات حاصل ہیں۔ اگر شفاف انتخابات میں بدنیتی ہوگی تو ہم مداخلت کریں گے۔ جمہوری عمل شفاف ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : جاوید لطیف کا آڈیو لیکس پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ

دوران سماعت ججز کی آڈیو ویڈیو لیکس معاملے پر چیف جسٹس نے عمر عطاء بندیال نے برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہر روز نئی آڈیو ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں۔ ان آڈیو ویڈیو کی کیا کریڈیبلٹی ہے؟ سپریم کورٹ آئینی ادارہ ہے؛ جسے آڈیو ٹیپس کے ذریعے بدنام کیا جارہا ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم صبر اور درگزر سے کام لے کر آئینی ادارے کا تحفظ کریں گے۔ آئینی اداروں کو بدنام کرنے والی ان آڈیو ٹیپس کی کوئی حیثیت نہیں۔ ہم اداروں کی عزت کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں ہمارے ادارے کی بھی عزت کی جائے گی۔

معزز چیف جسٹس نے کہا کہ بعض اوقات سپریم کورٹ کی باتوں کو غلط سمجھا جاتا ہے۔ ہم نے ایک کیس میں کہا 1988میں ایک ایماندار وزیراعظم تھا۔ ہماری بات کو پارلیمنٹ نے غلط سمجھا۔ ہم نے یہ نہیں کہا آج تک صرف ایک ہی ایماندار وزیراعظم آیا۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ریکارڈ سے درست ظاہر ہونا چاہیے تھا۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کیس فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل خارج کردی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top