جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

مریم نے آڈیو میں حکم دیا ظل شاہ کی موت کو حادثہ قرار دیا جائے، عمران خان کا کل ریلی کا اعلان

11 مارچ, 2023 19:41

لاہور: عمران خان کا کہنا ہے کہ مریم نواز ہر جگہ عدلیہ کو برا بھلا کہہ رہی ہے توہین عدالت کیوں نہیں لگتی، مریم نواز نے آڈیو میں حکم دیا ظل شاہ کی موت کو حادثہ قرار دیا جائے، کل دوپہر 2 بجے ریلی کی قیادت کروں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کارکن سردیوں میں بھی کیمپوں میں بیٹھے رہے، کارکنوں کو خدشہ تھا مجھے اغوا کرلیا جائے گا، ساتھ دینے پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، فخر ہے میرے پاس جنونی اور نظریاتی کارکن ہیں، 25 مئی کو ہمارے کارکنوں پر بڑا ظلم کیا گیا، 11 سال کے بچے کو پکڑ کر لے گئے، خواتین پر بھی تشدد کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ظل شاہ کی شہادت پر مجھے اور پوری قوم کو دکھ ہوا، 25 مئی کو ان لوگوں نے ظل شاہ کا بازو توڑ دیا تھا، پولیس ظل شاہ کو اٹھا کر کہاں لے گئی، 2 گھنٹے تک اس کے ساتھ کیا کیا گیا، ہمارے کارکن ظل شاہ کی لاش سڑک سے اٹھا کر اسپتال لے گئے، ظل شاہ ایک درویش اور اپنی دنیا میں رہنے والا شخص تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پریس کانفرنس میں کہتے ہیں ظل شاہ کے ساتھ حادثہ ہوا، آئی جی کو شرم آنی چاہیے ہمارا کارکن مارا گیا اور مقدمہ بھی ہم پر درج کیا گیا، اب یہ سارے ثبوت ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم ان سب کی تصویریں سوشل میڈیا پر چلائیں گے تاکہ قوم یاد رکھے، ایسے شخص کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا جس کے ذہن میں ہمارے خلاف زہر تھا، اس ملک میں قانون کی بالادستی نہیں، جنگل کا قانون ہے، یہ ملک کو بنانا ری پبلک بنانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ظلِ شاہ کے قتل کی لاہور ہائیکورٹ کے جج سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرینگے: فواد

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری قوم کا سب سے بڑا مجرم سندھ میں بیٹھا ہے، باہر بیٹھا بھگوڑا وہاں بیٹھ کر ملک کے فیصلے کررہا ہے، یہ چاہتے ہیں کسی بھی طرح عمران خان کو راستے سے ہٹاؤ، انہیں ڈر ہے انتخابات میں عوام کا سمندر نکلے گا، ظل شاہ کے قتل کا خون الیکشن کمیشن کے سر پر بھی ہے، خون کے آخری قطرے تک ان کا مقابلہ کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز ہر جگہ عدلیہ کو برا بھلا کہہ رہی ہے توہین عدالت کیوں نہیں لگتی، مریم نواز نے آڈیو میں حکم دیا ظل شاہ کی موت کو حادثہ قرار دیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کل لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کیخلاف کل دوپہر 2 بجے ریلی کی قیادت کروں گا۔

عمران خان نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کردیا، انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ظل شاہ کے قتل پر عدالتی کمیشن بنائیں، الیکشن کمیشن نگراں وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ لے، مارچ کرتا تو ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ تھا، یہ ایمرجنسی لگا کر الیکشن سے بھاگنا چاہتے تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top