جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عمران خان نے تعیناتی پر اثر انداز ہونے کیلئے مارچ کیا، انہیں دیر سے سمجھ آتی ہے : شاہد خاقان

25 نومبر, 2022 13:11

کراچی : سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ عمران خان قانون کے اندر رہے تو ہم استقبال کریں گے، ورنہ رانا ثنا اللہ استقبال کریں گے۔ عمران خان کو اکثر باتیں دیر سے سمجھ آتی ہیں۔

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کراچی میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں احتساب پر جلسوں میں بات ہوتی ہے۔ چار سال ہونے کو ہے، نہ نیب کے گواہ آتے ہیں، نہ الزام پتہ چلتے ہیں۔ یہی نظام ملک کو تباہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران پر مقدمات بنائیں گے، تو کوئی کام کرنے کو تیار نہیں ہوگا۔ کوئی بھی نام نہاد احتساب سے محفوظ نہیں ہوگا۔ نیب کے ادارے کو ختم کرکے نیا نظام بنایا جائے۔ سابق چیئرمین نیب کے دور کا کوئی بھی کیس مکمل نہیں ہوسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین نیب بھی اپنے اثاثے قوم کے سامنے رکھیں۔ احتساب کے نظام کو تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر تبدیل کرنا ہوگا۔ سرکاری افسران نیب کی موجودگی میں فیصلہ نہیں کرسکتے۔

یہ بھی پڑھیں نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے گزٹ نوٹیفیکیشنز جاری

لیگی رہنماء نے کہا کہ عمران خان ایک ماہ سے سفر میں ہیں۔ ابھی تک وہ اسلام آباد نہیں پہنچ سکے ہیں۔ ہم عمران خان کا استقبال کریں گے۔ آرمی چیف کی تعیناتی پر اثر انداز ہونے کے لئے مارچ کیا جارہا تھا۔ تعیناتی کا معاملہ خوش اسلوبی سے مکمل ہوگیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان قانون کے اندر رہے تو ہم استقبال کریں گے، ورنہ رانا ثنا اللہ استقبال کریں گے۔ تعیناتی پر میڈیا سرکس لگایا گیا۔ سنیارٹی کی بنیاد پر تقرری ہونی تھی، ایک دن میں مکمل ہوگئی۔ عمران خان کو اکثر باتیں دیر سے سمجھ آتی ہیں؛ آئین پڑھ کر تعیناتی کا عمل سمجھ آگیا ہوگا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ روس سے تیل کی خریداری میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ خریداری حکومت نہیں ریفائنری کرتی ہیں۔ اگر ایسی کوئی درخواست آئی تو دیکھیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top