جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ممکنہ سیلاب کے خدشے کے تناظر میں تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت

06 جولائی, 2022 13:37

لاہور : حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ مخلوق خدا کو تکلیف ہوئی تو سخت ایکشن لوں گا، اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے تناظر میں تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلاب اور مون سون کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈویژنل کمشنرز نے اپنے اضلاع میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے پیشگی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام انتظامی مشینری کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنرز اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے تناظر میں تمام تیاریاں مکمل رکھے۔

انہوں نے کہا کہ موسم کی صورتحال انتہائی غیر متوقع ہے۔ دریاؤں کے بیڈکے اندر آبادیوں کا بروقت انخلاء پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔ تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ عوامی نمائندوں کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش

ان کا کہنا تھا کہ غیر معمولی موسمی حالات کے پیش نظر آپ کی تیاریوں کا لیول بھی غیر معمولی اقدامات کا متقاضی ہے۔ آپ کے پلان تیار ہیں، اصل چیلنج پلان پر عملدرآمد ہوتا ہے۔ آپ کی تیاریاں زمین پر نظر آنی چاہئیں۔ جہاں بھی کمی کوتاہی ہے، فی الفور دور کی جائیں۔

حمزہ شہباز نے واضح کردیا کہ مخلوق خدا کو تکلیف ہوئی تو سخت ایکشن لوں گا۔ تمام متعلقہ صوبائی اور وفاقی ادارے مربوط اور بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔

وزیر اعلیٰ نے کمشنرز کو دریاؤں کے بند کی انسپکشن کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری سطح پر مستند معلومات اور ڈیٹا کیلئے تمام انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ناگہانی آفت کی صورت میں محکمہ صحت کے پاس ضروری ادویات خصوصاً سانپ کے کاٹے کے علاج کیلئے ادویات وافر مقدار میں موجود ہونی چاہئیں۔ بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ساتھ تسلسل کے ساتھ رابطے میں رکھا جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top