جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا : شہباز شریف

15 اکتوبر, 2021 14:57

اسلام آباد : قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی، پٹرول، ٹیکس میں اضافے کو منی بجٹ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی، پٹرول، ٹیکس میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ تقریر میں جو کچھ کہا تھا، وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوگئی۔ میں نے کہا تھا کہ حکومت منی بجٹ لائے گی، آج یہ بات سچ ثابت ہوگئی۔ ثابت ہوگیا کہ حکومت نے بجٹ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا، یہ حکومت چلے گی تو معیشت نہیں چلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا۔ ٹیکس چھوٹ والی اشیاء پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگانے، پٹرول، بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام اور معیشت کے خلاف دہشت گردی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، حکومت نے ایک نیا بم پھینک دیا ہے۔ عمران نیازی آئی ایم ایف کی قربان گاہ پر معیشت اور قوم کو قربان کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہم لوگوں کو سمجھا نہیں پا رہے مہنگائی کی وجوہات کیا ہیں: وزیراعظم

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر اندھا دھند عمل کرنے والی حکومت نے عوام کے مفاد کا خیال نہیں رکھا۔ عمران نیازی خود ایسے اقدامات کررہے ہیں، جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، پھر قوم سے شکوہ کرتے ہیں کہ عوام کو مہنگائی بڑھنے کی وجوہات سمجھ نہیں آرہی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو اچھی طرح سمجھ آرہی ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے اور کون یہ ظلم ہر روز ڈھارہا ہے۔ مسئلہ قوم کی سمجھ کا نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن، جھوٹ اور تاریخی نالائقی و نااہلی کا ہے۔ پاکستان اور قوم کو حکمرانوں کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کی کڑی سزا مل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو یہ احساس نہیں کہ عوام کا گزارہ نہیں ہو رہا۔ حکومت تین سال سے قوم کو چکر پہ چکر دے رہی ہے، ٹیکس مہنگائی، قرض بڑھتے جا رہے ہیں۔ پہلے ہی مہنگائی قیامت خیز حدوں پر پہنچ چکی ہے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ظلم ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ عمران نیازی عوام اور پاکستان کے لئے نہیں، آئی ایم ایف کے لئے کام کر رہے ہیں۔ اتنی سنگین مہنگائی ملک کی معاشی وائیبیلٹی کا سنگین مسئلہ پیدا کر رہی ہے جو پاکستان کے لئے نیک فال نہیں۔ اضافہ مسترد کرتے ہیں، حکومت یہ ظالمانہ فیصلہ واپس لے۔ عمران نیازی ظالم، کرپٹ اور نااہل حکمران ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top