جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سکون کو تلاش کیسے کرنا ہے ؟

11 مارچ, 2023 14:30

آپ لوگ نے کبھی سکون کو تلاش کیا ہے ؟  یا پھر یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ آخر سکون ہو تاکیاہے ؟ذرا سوچئے اس بارے میں اور اندازہ کیجئے کہ آپ کا سکون کن چیزوں میں ہے یا پھر آپ کو سکون ملے ہی نہیں۔

جیسے آپ ذہنی طور پر تھک گئے ہیں تو آپ سکون حاصل کرنے کے لئے کیا کرتے ہیں؟ سب سے پہلے تو یہ سمجھنا ہے کہ سکون  کیا ہے  اور اس خوبصورت چیز کو کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟ہم جب آفس پر کمپیوٹر پر کام کرکے تھک جاتے ہیں تو گھر آکر لیپ ٹاپ پر بیٹھ جاتے ہیں، پھر موبائل پر گیم کھیلنے لگتے ہیں یا پھر ٹی وی دیکھنے لگتے ہیں ،مزید وقت مل جائے تو فلم  بھی دیکھ لیتے ہیں

 رات کو سونے سے پہلے جب محاسبے اور مراقبے کا بہترین وقت ہوتا ہے تو ہم فیس بک اور انسٹا گرام کی سیر کو نکل جاتے ہیں۔کیا ہم نے کبھی سکون کو تلاش کیا ہے ؟ یہ سمجھا ہے کہ سکون آخر کیا شہ ہے ؟ ان مشینوں سے باہر بھی ایک دنیا ہے جو آپ کو ” میں” یعنی خود کے بارے میں بتانا چاہتی ہے کیاآپ اپنے اندر کی آواز کو سن سکیں ہیں ؟

ہم سکون کی تلاش میں بہت جتن کرتے ہیں مگرسکون نہیں پاتے ۔ آپ کو کس چیز میں سکون ہے کیا آپ نے یہ سوال اپنےآپ سے کیا ہے کبھی ؟کیونکہ آپ کو لگتا ہے کہ ٹی وی، موبائل ، سوشل میڈیا، گیم ہی میرا سکون ہے مگر نہیں،ایسا نہیں ہے سکون یہ نہیں ہے بالکل بھی نہیں ہے۔

 

سب کی اپنی اپنی سکون کی تشریح ہوگی لیکن سکون تو خود کو وقت دینے میں ہے ۔ خود سے ہم کلامی کرنے میں ہے۔ خود سے باتیں کرنے میں ہے۔ کسی خاموش جگہ پر گیجٹ سے دور رہ کر بیٹھنے میں ہے۔ سکون تو ستاروں کو دیکھنے میں ہے۔
سکون تو ٹھنڈی گھا س پر ننگے پیر چلنے میں ہے۔ سکون تو گھنٹوں بیٹھ کر کتاب پڑھنے میں ہے۔ سکون سمندر کنارے بیٹھ کر سورج کو ڈوبتے دیکھنےمیں ہے۔
اس بات میں حقیقت ہے کہ ہر انسان کا سکون مختلف ہوسکتا ہے مگر کچھ ایسی قدرتی چیزیں بھی ہیں جس میں سکون پنہاں ہے۔ جیسے آپ کی وجہ سے کسی چہرے  پر مسکراہٹ آئے گی تو آپ کو اند ر ہی اندرسکون ملے گا۔
آپ کی باتوں پر آپ کے والدین جب مسکرائیں گے تو آپ کو سکون حاصل ہوگا۔ کسی ضرورتمند کی خواہش آپ کے دم سے پوری ہوگی تو آپ کو سکون پہنچے گا۔

سکون پیسوں سے خریدا نہیں جاسکتا اور نہ سکون کو بیچا جاسکتا ہے، لیکن اگر کسی کا حق کھایا ہوگا توآپ کسی نہ کسی طرح بے چین رہیں گے ۔کسی کے ساتھ زیادتی کرکے اگر سکون کے متلاشی رہیں گے تو سکون ناممکن ہے۔سکون کے لئے سب سے بڑی چیز حسد سے دوری ہے اور اپنے حال میں  شکر کرنے اور مست رہنے میں ہے۔

اکثر اوقات ہمارا سکون اس لئے بھی برباد ہوتا ہے کہ ہم دوسروں سے حسد کرتے ہیں اور اپنی اچھی زندگی کو بھی حسد کی وجہ سے برباد کردیتے ہیں۔خودسکون میں رہنے کا سب سے آسان اور فری کا فارمولہ ہے ،دوسروں کوسکون سے رہنے دیجئے۔ جب دوسرے آپ سے سکون میں رہیں گے تو آپ خود بھی سکون میں رہیں گے تو پھر سکون سے رہیں اور دوسروں کو بھی سکون سے رہنے دیں۔

نوٹ : جی ٹی وی نیٹ ورک اور اس کی پالیسی کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

[simple-author-box]

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top