جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اس بار قربانی نہیں کروں گا ، میں نے واٹر کولر لگوادیا ہے

04 جولائی, 2022 13:59

کسی صاحب نے گزشتہ دنوں سوشل میدیا پر ایک پوسٹ لگائی جس میں ایک الیکڑک واٹر کولر کی تصویر تھی اور کیپشن میں یہ عبارت درج تھی کہ اس بار میں نے قربانی کے پیسوں سے اپنے گھر کے باہر یہ کولر لگوایا ہےا ور اس بار میں قربانی نہیں کروں گا۔

 

یعنی وہ یہ بات اشاروں کنایوں میں کہنا چاہتے تھے کہ قربانی نہ کی جائے بلکہ قربانی  کا جانور کے پیسوں سے اس طرح کے کام کرلئے جائیں تو زیادہ بہتر ہے۔

 

یہ پڑھیں : پہلے قربانی کی جاتی تھی اب قربانی دکھائی جاتی ہے

 

مان لیا کہ آپ اچھا کام کررہے ہیں ، پانی پلانا اور کولر لگانا بہت اچھااور نیک عمل ہے مگر کیا یہ ضروری ہے کہ اس کا موازنہ قربانی جیسےاچھے عمل سے کیا جائے۔ یعنی ایک ایسے فریضے سے کیا جائےجو خود ایک بہت اچھا عمل اور نیک جذبہ کو پیدا کرنے کا ذریعہ ہے ۔کیونکہ یہ عمل بانٹنا سکھاتا ہے دوسروں کا درد محسوس کرواتا ہے اور وہ لوگ جوپورے سال نعمت سے محروم رہتے ہیں اس عمل کےذریعے وہ بھی گوشت کھاتے ہیں۔

 

قربانی کے عمل میں پیسے لگتے ہیں اور پھر وہ گوشت خاندان، دوستوں اور غریبوں میں بانٹا جاتا ہے جس سے ناصرف محبت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے بلکہ ساتھ ساتھ دوسروں کے لئے دل میں وسعت بھی پیدا ہوتی ہے۔

 

 

قربانی کا جانور

تو پھر آپ ایک اچھےکام کا موازنہ دوسرے اچھے کام سے کیسے کرسکتے ہیں؟پانی پیاسا پئے گا تو اچھا ہے اور اگر گوشت بھی غریب کھائے گا تو یہ بھی اچھا عمل ہے۔ اچھا یہ بتائیں آپ کو واٹر کولر لگانے کا خیال اس وقت کیوں نہیں آتا کہ جب آپ لاکھوں روپے کا اسمارٹ فون لیتے ہیں؟

 

اُس وقت واٹر کولر لگانے کا خیال کیوں نہیں آتا کہ جب آپ نئے ماڈل کی گاڑی لے رہے ہوتے ہیں ؟ اُس وقت واٹر کولر لگانے کا خیال کیوں نہیں آتا کہ جب گھر کے فنکشن میں 20 ،20 ڈشز کررہے ہوتے ہیں۔

 

قربانی کے جانور کے ساتھ ہرگز یہ سلوک نہ کیجئے – ڈیجیٹل رپورٹ 

 

اگر آپ چاہتے تو لاکھوں روپے کے بجائے 50، 60 ہزار کا فون لےلیتے اوربچنے والے پیسے سے واٹر کولر لگوادیتے، اگر آپ چاہتے تو گاڑی کا ماڈل تبدیل کرنے کے بجائے واٹر کرلر لگوالیتے ،اگر آپ چاہتے تو گھر کے فنکشن میں 10 ڈشز کرواتے اور واٹر کولر لگوا لیتے۔مگر قربانی سے موازنہ تو ضروری تھا نہ۔

 

قربانی کا جانور

بہت سے ایسےمواقع آئیں کہ جب آپ پیسے بچا کر واٹر کولر لگواسکتے تھے مگر نہیں آپ کو واٹر کولر کا موازنہ قربانی کے جانور سے ہی کرنا تھا کیونکہ آپ اپنے آپ کو بہت کول ، جانور دوست،یا پھر بہت نفیس دکھانا چاہتے ہیں۔ لیکن آپ کی یہ حرکت کسی طور قابل تعریف نہیں ہے۔

 

کیونکہ آپ نےایک نیک کام اس نیت سے کیا ہے کہ دوسرے نیک کام پر طنز کیا جائے ۔اس طرح تو آپ کا نیک کام ٹسل میں ہوا ،یعنی ٹسل میں ہوا نیک کام خطرے میں پڑگیا۔

 

اس بارے میں جانئے : مشہور ہونا آسان ہے  اور باصلاحیت ہونا مشکل ہے

 

ہاں آپ واٹر کولر اسی قربانی کے پیسوں کی رینج کے ساتھ بھی لگواسکتے تھے وہ ایسے کہ قربانی کے شرائط کےمطابق جانور خریدلیتے اور بہت زیادہ مہنگا جانور لینے سے گریز کرتے اور بچنے والی رقم سے واٹر کولر لگوالیتے۔

 

اس سے یہ ہوتا کہ قربانی کا معاملہ بھی ہوجاتا اور واٹر کولر کی سبیل کا سلسلہ بھی جاری ہوجاتا ۔مگر یہ کیا ؟ آپ نے واٹر کولر تو لگوالیا اور باقی بچ جانے والے پیسوں سے اپنی مطلب کا کوئی کام کرلیں گے مگر قربانی نہیں کیونکہ اس سے آپ کی کو ل نیس پر آنچ آسکتی ہے۔

 

نوٹ : جی ٹی وی نیٹ ورک اور اس کی پالیسی کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

 

[simple-author-box]

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top