جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پانچویں جماعت کا بچہ بھی خیبر پختونخوا پولیس سے بہتر تفتیش کر لے گا : سپریم کورٹ

08 جولائی, 2021 13:44

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کے پی پولیس کرپٹ اور نااہل ہے، پانچویں جماعت کا بچہ خیبر پختونخوا پولیس سے بہتر تفتیش کر لے گا۔

سپریم کورٹ میں قتل کے ملزم محمد امجد کی ضمانت کے کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے ٹرائل مکمل نہ کرنے پر کے پی پراسیکیوشن ٹیم اور پولیس پر اظہار برہمی کیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ پشاور ہائیکورٹ نے تین ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ پراسیکیوشن نے ہائیکورٹ کے حکم کی پرواہ ہی نہیں کی۔ گولیوں کے 21 خول ملے مگر ریکارڈ میں صرف 2 گولیاں لکھی گئیں۔ باقی گولیاں پتا نہیں آسمان پر چلی گئیں یا زمین میں دب گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی پولیس کرپٹ اور نااہل ہے۔ تفتیش کرنے کا طریقہ ہی نہیں آتا۔ پانچویں جماعت کا بچہ خیبر پختونخوا پولیس سے بہتر تفتیش کر لے گا۔ پولیس تفتیش سے متعلق ٹی وی ڈرامے دیکھ لے تو کافی کچھ سیکھ لیں گے۔ اگر تفتیش کا طریقہ ہی نہیں آتا تو عوام کا پیسہ کیوں ضائع کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے امراض قلب اسپتال کو کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز کی منظوری مل گئی

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کے پی شمائل عزیز سے کہا کہ ایسے کام کرنا ہے تو بہتر ہے پورا کے پی پولیس محکمہ ختم کر دیں۔ بات کرنے کیلئے ہاتھ کھڑا کرنے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کے پی پر اظہار برہمی کیا۔

عدالت نے کہا کہ آپ کو تو قانون کا پتہ ہی نہیں۔ بچوں کی طرح آپ کو دوبارہ قانون پڑھانا پڑے گا۔ ایڈوکیٹ جنرل کے پی آفس عدالت کا وقت ضائع نا کرے۔ عدالت میں تیاری اور معاونت کیلئے قانونی مواد لے کر آئیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ ٹرائل کورٹ ملزم محمد امجد کے کیس کا جلد از جلد فیصلہ کرے۔ پراسیکیوشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ 18 فروری کو چالان جمع ہوا اور اب تک تحقیقات مکمل نہیں ہو سکیں۔ سپریم کورٹ کے حکم کی کاپی ایڈوکیٹ جنرل کے پی اور پراسیکیوشن ٹیم کو دی جائے۔

عدالت نے ٹرائل کورٹ کو کیس کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت نمٹا دی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top