جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

صدر، وزیراعظم، شہباز شریف، بلاول بھٹو اور وزرائے اعلیٰ کا دلیپ کمار کے انتقال پر دکھ کا اظہار

07 جولائی, 2021 14:13

کراچی (ویب ڈیسک) صدر، وزیراعظم، شہباز شریف، بلاول بھٹو اور وزرائے اعلیٰ نے دی فرسٹ خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ دلیپ کمار عاجز، پروقار اور بہترین شخصیت کے مالک تھے۔ غم کی اس گھڑی میں دلیپ کمار خاندن کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار عمدہ شخصیت اور بہترین اداکار تھے۔ دلیپ کمار نے فنڈزریزنگ پراجیکٹ میں ناقابل فراموش مدد کی۔ لندن میں دلیپ کمار نے مشکل وقت میں فنڈریزنگ مہم میں اپنا حصہ ڈالا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ پشاور کا یوسف خان بالی ووڈ میں دلیپ کمار بن کر فن کے آسمان پر برسوں چھایا رہا اور آج لیجنڈ کی صورت دنیا سے رخصت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یوسف خان کا فنی سفر فلمی دنیا کا یادگار ترین دور ہے، جس میں انہوں نے ناقابل فراموش کردار نبھائے۔ ان کی بعض فلموں کو جتنی شہرت ملی، ویسی پزیرائی کسی اور کو نہ مل سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ دلیپ کمار کی رکن پارلیمان کے طور پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات کے لئے کوششیں ان کی امن پسندی اور محبت کرنے والی فطرت کا مظہر تھیں۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دلیپ کمار فنِ اداکاری کا ایک عہد تھا، جو تمام ہوا۔ ان جیسے عظیم اداکار کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا ناقابلِ پر رہے گا، ان کا فن لازوال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سائرہ بانو سے تعزیت اور ان کے لیئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں۔ دلیپ کمار کے پرستاروں سے بھی تعزیت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرٹ کا دلدادہ اور فنکار کا قدردان ہے، دلیپ کمار کے پاکستانی پرستاروں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ آرٹ اور آرٹسٹ کو سرحدوں میں بانٹنا ممکن نہیں، فن کی وارث پوری انسان ذات ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فرزند پشاور، شہنشاہ جذبات دلیپ کمار 98 سال کی عمر میں دنیا چھوڑ گئے

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ مرحوم دلیپ کمار کی مغفرت فرمائے اور اپنے جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ کہ دلیپ کمار کے انتقال سے فلمی دنیا کا ایک سنہرا باپ بند ہوگیا۔ مرحوم یوسف خان اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ اداکاری کے شعبے میں مرحوم کی خدمات اور کامیابیوں کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا، وہ پروقار اور بہترین شخصیت کے مالک تھے۔ اپنی اداکاری کے انمنٹ نقوش چھوڑے۔ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دلیپ کمار نے کئی دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا۔ دلیپ کمار کے انتقال سے فلم انڈسٹری کے عہد کا خاتمہ ہوا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسمعیل نے مرحوم کے اہل خانہ اور دنیا بھر میں موجود مداحوں سے دلی تعزیت کی اور کہا کہ یوسف خان 1944 سے اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے تھے۔ انہیں پاکستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ دلیپ کمار ایک عہد ساز فنکار تھے، ان کا متبادل ممکن نہیں۔ اپنی ملاقاتوں میں بھی میں نے یوسف خان کو ایک سحر انگیزشخصیت پایا۔ اللہ تعالی یوسف خان کے درجات بلند کرے، لواحقین کو صبر عطا کرے۔

سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ دلیپ کمار حقیقت میں ایک بڑے اداکار اور انسانیت نواز تھے۔ ان کے انداز اداکاری نے نسلوں تک اس فن سے وابستہ افراد کو متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ دلیپ کمار کئی ایک سماجی اور خیراتی سرگرمیوں کا بھی حصہ رہے ہیں۔ انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین سویلین اعزاز نشانِ پاکستان سے بھی نوازا جا چکا تھا۔

معاون اطلاعات و اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کامران بنگش نے کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا۔ انہوں نے ہمیشہ پشاور کی محبت کو سینے سے لگائے رکھا۔ شہر پشاور بالی ووڈ اداکار یوسف خان (دلیپ کمار) کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top