جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اے اور او لیول کے طلباء کی فزیکل امتحانات کے خلاف درخواست مسترد

23 اپریل, 2021 14:39

اسلام آباد : عدالت نے اے اور او لیول کے طلباء کے فزیکل امتحانات کے خلاف درخواست کو مسترد کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں کورونا کی وجہ سے اے اور او لیول کے طلباء کے فزیکل امتحانات کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کوئی ہدایت جاری نہیں کر سکتے درخواست این سی او سی کو بھیج دیتے ہیں۔ عدالتوں کا کام نہیں کہ ملک کے پالیسی معاملات میں مداخلت کریں۔ آج تک کورونا متعلق جتنے معاملات آئے ہم نے این سی او سی کے پالیسی فیصلوں میں مداخلت نہیں کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ویسے بھی حکومت پاکستان کیمرج کو کوئی ہدایت جاری نہیں کر سکتی۔ حکومت صرف ان امتحانات سے متعلق یہاں سہولت فراہم کرتی ہے۔ کیا آپ چاہتے ہیں حکومت ان کو امتحان لینے سے روک دے؟

یہ بھی پڑھیں : نذیر چوہان کا وزیر اعظم سے مئی اور جون میں ہونے والے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ میں درخواست میں کوئی ایسی چیز نہیں مانگ رہا جو کیمرج کی پالیسی نہ ہو۔ میری درخواست کیمرج کے خلاف نہیں، کیمرج نے دو آپشن دیئے۔ سعودی عرب، تھائی لینڈ، انڈیا نے فزیکل کی بجائے آن لائن امتحان کے آپشن کو اپنایا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی پٹیشن میں نو درخواست گزار ہیں، ہو سکتا ہے باقی ہزاروں فزیکل امتحان دینا چاہتے ہوں۔ نو پٹشنر ہزاروں طلبہ کے نمائندے تو نہیں ہو سکتے۔ کیا بچے امتحانات نہیں دینا چاہتے؟ کیسے طلباء ہیں جو امتحان نہیں دینا چاہتے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، بعد ازاں فیصلے میں درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top