جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

تمہیں اندازہ ہی نہیں ہم تمہیں کہاں پہنچائیں گے : مولانا فضل الرحمان کا وزیر اعظم کو دو ٹوک پیغام

23 دسمبر, 2020 18:39

مردان : مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم تو کہتے تھے، اب خود نااہلی کا اعتراف کرلیا، جب حساب کتاب کا علم نہیں تو کس نے کہا تھا کہ حکومت میں آؤ، تمہیں اندازہ ہی نہیں ہم تمہیں کہاں پہنچائیں گے،

سربراہ پی ڈی ایم اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے مردان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے آج ناجائز، نالائق اور نااہل حکمران کے خلاف علم جہاد بلند کیا ہے، مسلمان جب حق کیلئے آواز بلند کرتا ہے تو فتح حاصل کرنے تک نہیں بیٹھتا۔ آج پوری قوم کرب میں ہے، ایک ناجائز تسلط کا اسے سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو کہتے تھے کہ یہ نااہل حکومت اور حکمران ہے، اب انہوں نے خود اعتراف کرلیا کہ میرے پاس تو ٹیم ہی نہیں ہے کہ اچھی حکمرانی دکھا سکوں۔ میں کہتا ہوں آپ بھی ویسے ہیں، جیسے آپ کے لوگ ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ کہتے تھے کہ ملک کی معیشت ٹھیک کردوں گا، تبدیلی آجائے گی، نوجوانوں کو روزگار ملے گا، لیکن اب کہتے ہیں کہ مجھے اعداد و شمار سمجھ ہی نہیں آتے تھے، جب حساب کتاب کا علم نہیں تو کس نے کہا تھا کہ حکومت میں آؤ۔

یہ بھی پڑھیں : اپوزیشن کو استعفے ان کے منہ پر مار دینے چاہیے : مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، جتنے دن یہ حکومت رہے گی، ملک ڈوبتا چلا جائے گا، اس نااہل حکومت کو پاکستان پر حکومت کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں، موجودہ حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ معیشت تباہ کردی اور ہمیں انڈے اور کٹے دکھا رہا ہے کہ اس سے معیشت ٹھیک ہوگی، لیکن آج انڈے بھی 240 روپے فی درجن پر پہنچ گئے ہیں۔

پی ڈی ایم رہنماء کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے کہ مجھے حساب دینا ہوگا، میں کہتا ہوں ابھی تو تم میرے احتساب کے شکنجے میں ہو، پہلے اس سے تو جان چھڑاؤ، تمہیں اندازہ ہی نہیں ہم تمہیں کہاں پہنچائیں گے، جو تمہاری رکھوالی کرتے ہیں وہ ہمیں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں کچھ نہ کہو آپ جانیں اور عمران خان جانے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تنہا ہوچکا ہے، چین اور سعودی عرب ہم سے ناراض ہیں، جب سعودی عرب نے پیسے واپس مانگے تو چین سے بھاری شرح سود پر قرض لیا۔

انہوں نے واضح کردیا کہ پوری قوت کے ساتھ اس سیلاب کو آگے بڑھانا اور اسلام آباد جانا ہے، عوام کا سمندر اسلام آباد کی جانب جائے گا، جب تک اس حکومت کا تختہ نہیں الٹیں گے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top