جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ایل این جی کیس: مفتاح اسمٰعیل کی گرفتاری کیلئے نیب کے چھاپے

18 جولائی, 2019 23:16

قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کیس میں نامزد مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ اور دفتر پر چھاپے مارے تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مفتاح اسمٰعیل کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کیے تھے۔

بتایا گیا جب نیب حکام مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کرنے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچے تو انہیں اہلخانہ کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

نیب افسران، خواتین پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مفتاح اسمٰعیل کے گھر پہنچے تو انہیں صدر دروازے پر بھی روک دیا گیا۔

اہلخانہ کی جانب سے نیب افسران کو بتایا گیا کہ مفتاح اسمٰعیل گھر پر موجود نہیں ہیں اور گھر میں صرف خواتین ہیں۔

جس پر نیب افسران نے اصرار کیا کہ سابق وزیر خزانہ گھر پر موجود ہیں اور نیب اہلکار اپنے ہمراہ خواتین پولیس اہلکاروں کو ساتھ لائیں ہیں۔

بعد ازاں نیب ٹیم کو گھر میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ نیب ٹیم نے مفتاح اسمٰعیل کے گھر کی تلاشی لی، تاہم انہیں لیگی رہنما نہیں ملے۔

جس کے بعد نیب ٹیم مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کیے بغیر ہی روانہ ہوگئی۔

بعد ازاں نیب ٹیم کی جانب سے مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کرنے کے لیے اسمٰعیل انڈسٹری کے دفاتر پر بھی چھاپے مارے گئے لیکن وہاں بھی اسے کامیابی نہیں ملی۔

واضح رہے کہ نیب پہلے ہی ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرچکی ہے۔

نیب نے سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو تفتیش کے لیے طلب کر رکھا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔

اس سے قبل نیب نے انہیں 8 مرتبہ طلبی کے نوٹس جاری کیے جس میں سے وہ 5 نوٹسز پر تفتیش کے لیے پیش ہوئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top