جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ہمیں نظر کھا گئی شاید ہم خود بھی اپنے آپ سے مخلص نہیں: نواز شریف

18 دسمبر, 2023 14:30

لاہور: نواز شریف کا کہنا ہے کہ اپنے دور میں ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، ہمیں نظر کھا گئی اور شاید ہم خود بھی اپنے آپ سے مخلص نہیں۔

قائد (ن) لیگ نواز شریف کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج کراچی سمیت سندھ کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے، عرصے بعد ساتھیوں سے ملاقات ہورہی ہے، 1999 میں صبح وزیر اعظم تھا اور رات کو ہائی جیکر بن گیا، 2017 میں پیٹرول سستا اور روپیہ بھی مضبوط تھا، 2017 میں ملک میں سی پیک آرہا تھا، دفاع بھی مضبوط تھا، 2017 میں آٹا، چینی، دالیں اور گوشت مہنگا نہیں تھا، دنیا کہہ رہی تھی پاکستان چند برسوں بعد جی 20 میں آجائے گا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہر سال کروڑوں لوگ غربت کی لیکر سے نکل رہے تھے، ملک ترقی میں آگے دوڑ رہا تھا، خطے کے دیگر ممالک ہم سے پیچھے تھے، آج ملک میں سب کچھ ریورس ہوگیا ہے، اپنے دور میں ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، ہمیں نظر کھا گئی اور شاید ہم خود بھی اپنے آپ سے مخلص نہیں، ہم نے اپنے زمانے میں چین کا قرضہ واپس کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف اور مریم نواز کراچی سے الیکشن لڑیں گے: ذرائع

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 25 کروڑ آبادی والا ملک ہے، یہ کوئی معمولی بات نہیں، ناانصافیاں ہوتی ہیں ہم خاموشی کے ساتھ برداشت کرتے ہیں، کراچی میں امن ہم قائم کریں، ووٹ کسی اور کو جائیں، کراچی والو گریبان میں جھانک کر تو دیکھو، یہ اچھی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو ترقی میرے دور میں ہورہی تھی وہ رک گئی، مقصد صرف وزیر اعظم کو ہٹانا اور سلیکٹڈ کو لانا تھا، ہماری حکومت نہ توڑی جاتی تو سکھر سے حیدر آباد موٹروے بن جاتی، ہم نے ہزارہ موٹر وے بنائی ہے، کوئی عمل کرنے کا ارادہ کرے تو اسے راستے سے ہٹا دیا جاتا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ پر قانون اور آئین کو توڑنے کا کوئی الزام نہیں ہے، ہم نے پورے خلوص اور محنت کے ساتھ کام کیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top