جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ہمیں اپنے علاقوں میں کام کرنا ہوگا، وزیر اعلیٰ سندھ نے شہریوں سے مدد کی اپیل کردی

11 جولائی, 2022 18:36

کراچی : مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہمیں خود بھی اپنے اپنے علاقوں میں کام کرنا ہوگا۔ جہاں جہاں پانی کے بہاؤ میں اگر کوئی مسئلہ ہے تو اُس کو ہم خود ہی ہٹائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شہر کا دورہ کیا ہے۔ بارشیں متوقع تھیں، محکمہ موسمیات نے بتایا تھا۔ میں نے تمام وزراء کو بارشوں کے پیش نظر ذمہ داریاں تفویض کی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ عید کا دن قدرے بہتر گزرا لیکن عید رات کو بارش شدید ہوئی۔ بارش نے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ جب تک بارش ختم نہیں ہوتی ریلیف کے کاموں میں مشکلات ہوتی ہیں۔ رات 8 بجے سے صبح 8 بجے تک 126 ملی میٹر یعنی 5 انچ بارش ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سمندر پانی کم لے رہا ہے۔ ہم نے پوری مشینری لگائی ہے۔ سیکریٹریٹ کا علاقہ شدید بارش کے پانی میں ہے۔ لیاری بھی گیا ہوں، لیکن وہاں بھی پانی زیادہ ہے۔ پمپنگ اسٹیشن کا دورہ بھی کیا۔ آج اور کل کچھ کم بارش ہوگی، پھر پرسوں سے زیادہ بارش ہوگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزرا، ڈی ایم سیز کا عملہ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی کی سڑکوں پر موجود ہیں۔ میں وزیراعظم صاحب کا شکرگزار ہوں انہوں نے فون کیا۔ وزیراعظم نے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جب تک لوگوں کے گھروں سے بارشوں کا پانی نہیں نکلتا، مشینری کام کرتی رہے گی۔ جب میں 2020 کی بارشوں میں نکلا تھا تو شاہراہ فیصل پر ہی پھنس گیا تھا، لیکن اب شہر کی صورتحال قدرے بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں سیلابی صورتحال، پاک بحریہ کے آپریشن مدد کا آغاز

انہوں نے کہا کہ ہمیں خود بھی اپنے اپنے علاقوں میں کام کرنا ہوگا۔ جہاں جہاں پانی کے بہاؤ میں اگر کوئی مسئلہ ہے تو اُس کو ہم خود ہی ہٹائیں۔ اگر عوام کو کوئی امداد دینی پڑ ی، ہم دیں گے۔ 29 اموات ہو چکی ہیں، ایک جان بھی قیمتی ہے۔ مجھے جانی نقصان پر بہت دکھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنی بارش ہوئی ہے، اُسی حساب سے ہم کوشش کرکے کلیئر کر رہے ہیں۔ لوگ اپنے کمپائونڈز سے پانی نکال کر سڑکوں پر ڈال رہے ہیں۔ وہی پانی واپس اندر پاس میں جارہا ہے۔ 136 ملی میٹر بارش کا 3 گھنٹے میں ہونا بہت بڑی بات ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں عوام سے درخواست کروں گا کہ وہ غیر ضروری نہ نکلیں۔ کل رات سے پہلے بھی سڑکوں پر شدید بارش ہوئی لیکن نکاسی ہوگئی۔ آج سے ایک سال پہلے نیویارک میں شدید بارش ہوئی تھی، وال اسٹریٹ تک ڈوب گیا تھا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری غلطی یہ ہے کہ کئی سالوں سے ہم نے نیچرل واٹر ویز پر تعمیرات قائم کردی ہیں۔ اولڈ سٹی ایریاز میں ہم نے کام کیا ہے۔ ناگن چورنگی پر بی آر ٹی گرین لائن کی وجہ سے نالہ بند ہو گیا تھا۔ لیکن اُس کو ہم نے ٹھیک کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہت سے دفاتر بھی نالوں پر بنے ہوئے ہیں۔ محکمہ بلدیات کا دفتر بھی نالے پربنا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top