جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

مقبول خبریں

امریکی نائب وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

08 اکتوبر, 2021 13:34

واشگنٹن : شاہ محمود قریشی نے امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے نقط نظر میں ہم آہنگی موجود ہے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی آر شرمن نے وفد کے ہمراہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، اس موقع پر اسسٹنٹ امریکی سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیاء ڈونلڈ لو، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات، افغانستان اور علاقائی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے نائب وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

امریکی نائب وزیر خارجہ نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

نائب وزیر خارجہ نے افغانستان سے امریکی اور دیگر شہریوں کے انخلاء کے لیے پاکستان کی معاونت اور خطے میں امن کے لیے بروئے کار لائی گئی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے نقط نظر میں ہم آہنگی موجود ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ افغانستان میں نیا سیٹ اپ امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ تمام افغان عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کی نائب وزیر خارجہ کی ڈاکٹر معید یوسف سے ملاقات، افغان معاملے پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہا کہ افغان عوام کی نمائندہ اور وسیع البنیاد حکومت، بین الاقوامی برادری کے لیے قابل اعتماد شراکت دار ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کی جانب سے مثبت شمولیت ، انسانی امداد کی اور مالیاتی وسائل کی فراہمی اور افغان عوام کے مصائب کو دور کرنے کے لیے پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، معاشی تعاون ، علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ اور منظم ڈائیلاگ کا عمل ہمارے دوطرفہ مفاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ علاقائی مقاصد کو فروغ دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسمیاتی تغیر اور متبادل توانائی کے حوالے سے دو طرفہ مذاکرات میں ہونیوالی پیش رفت کی تعریف کی۔

وزیر خارجہ نے جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا اور امریکہ کی جانب سے پاکستان کو دی گئی کوویڈ سے متعلقہ معاونت پر نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین کا شکریہ کیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top