جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

طالبان نے نئی افغان حکومت اور کابینہ کی تشکیل کا اعلان کردیا

07 ستمبر, 2021 20:10

کابل: ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے نئی افغان حکومت کی تشکیل کا اعلان کردیا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے افغان حکومت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کے قائم مقام سربراہ محمد حسن اخوند ہوں گے، ملاعبدالغنی قائم مقام نائب وزیراعظم ہوں گے،سراج حقانی قائم مقام وزیر داخلہ ہوں گے، مولوی یعقوب مجاہد قائم مقام وزیر دفاع ہوں گے، ملاامیرخان متقی قائم مقام وزیرخارجہ ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملا ہدایت اللہ بدری وزیر خزانہ ہوں گے، ملاعبدالحق وثیق کو این ڈی ایس کا سربراہ بنا دیا گیا ہے، ملافضل اخوند افغانستان کے چیف آف آرمی اسٹاف ہوں گے، عباس استانکزئی قائم مقام ڈپٹی وزیرخارجہ مقرر کیے گئے ہیں، ملا خیر اللہ خیر خواہ وزیر اطلاعات و ثقافت ہوں گے،

خلیل الرحمان حقانی وزیر برائے تارکین وطن مقرر کیے گئے ہیں۔

ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ ملا عبدالمان فوائد و اعمال، حاجی محمد عیسیٰ معدنیات و پیٹرولیم کے وزیر مقرر کیے گئے ہیں، شیخ نور اللہ منیر سرپرست وزارت معارف ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو جن معاملات پر تشویش ہے ان کو حل کیا جائے گا : طالبان

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پنج شیر کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے، کوئی ثابت نہیں کرسکتا کہ ہمارے اقدامات سے پاکستان کو فائدہ ہوا، نئی حکومت افغان عوام کے مسائل کو حل کرے گی، پاکستان کی مداخلت سے متعلق پروپیگنڈا 20سال سے چل رہا ہے، ہمارے معاملات میں پاکستان سمیت کسی ملک کی مداخلت نہیں ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغانستان میں لوگوں کو اپنے اعتراضات کھل کر بیان کرنے کا حق حاصل ہے، ہم نے اپنی آزادی کیلئے پوری دنیا سے جنگ لڑی ہے، دنیا سے توقع ہے کہ وہ ہماری حکومت کو تسلیم کریں گے۔

ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ 20 سال لڑائی ہم نے اس بات پر لڑی کہ ہمارے ملک میں بیرونی مداخلت نہ ہوں، کسی کو بھی اپنے نظام میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے، تمام دنیا کے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top