جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

وزیر اعظم نے امیروں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کردیا

24 جون, 2022 14:05

اسلام آباد : وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ فرٹیلائزر، انرجی اینڈ ٹرمینل سیکٹر، ٹیکسٹائل، بینکنگ انڈسٹری، سگریٹ انڈسٹری سمیت دیگر سیکٹر پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے ہیں۔ قوم کو اعتماد میں لینا چاہتا ہوں۔ عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کیلئے پرخلوص کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی طور پر جانتا ہوں کہ پچھلی حکومت کے دور میں بدترین کرپشن ہوئی۔ سابق حکومت کے تاخیری حربوں کے باعث معیشت دیوالیہ ہونے جارہی تھی، جس سے ملک اب نکل آئے گا۔ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنا ہمارا عزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے ریلیف فراہم کریں گے۔ بجٹ میں جو اعلانات کیے گئے اس کے مطابق آئی ایم ایف شرائط منظور ہوچکیں ہیں۔ مزید شرائط نہ آئیں تو امید ہے معاہدہ ہوجائے گا۔ موجودہ حکومت نے جرات مندانہ فیصلے کیے ہیں۔ پاکستان ان فیصلوں سے مشکلات سے نکلے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ابھی مہنگائی آئی ہے، پندرہ دن بعد تباہی آنے والی ہے : بابر اعوان

یقین ہے مشکل وقت سے نکل آئیں گے، ہمارے پاس دو راستے تھے۔ ایک راستہ تھا الیکشن سمیت دیگر ضروری اصلاحات کرکے الیکشن کی طرف جائیں۔ دوسرا راستہ یہ تھا کہ سخت فیصلے کریں اور ڈوبتی معیشت کو سنبھال لیں۔ پہلا راستہ آسان تھا کہ سیاسی ساکھ بچا کر عوام کو اندھے تھپیڑوں کے حوالے کردیں۔ ضمیر کی آواز کہتی ہے یہ عوام اور اپنے ساتھ زیادتی ہوگی، تاریخ معاف نہیں کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ وقت سیاست کو نہیں ریاست کو بچانے کا ہے۔ نواز شریف اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا کہ سیاست نہیں ریاست بچائیں۔ تمام سیاسی قائدین نے اپنی ذات کو پاکستان کے مفاد کے تابع کردیا۔ دن رات محنت کریں گے اور ہچکولے لیتی کشتی کو پار لگائیں گے۔ ہم نے اپنی ذات اور سیاست کو پاکستان کے لیے قربان کردیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا پہلا بجٹ ہے جو معاشی صورتحال مستحکم کرنے کیلئے ہے۔ یہ تاریخ کا پہلا بجٹ ہے جو غریب عوام کو مشکلات سے نکالنے اور غریب عوام کو غیر معمولی حالات کی سختیوں سے بچانے کیلئے ہے۔ میرا ایمان ہے اللہ کی رسی تھام لیں تو مشکلیں آسان ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جو اقدامات کیے وہ غریب کے کاندھوں سے بوجھ کم کرنے کیلئے ہے۔ عوام کو کوئی سبز باغ نہیں دکھاؤں گا۔ صاحب حیثیت افراد آگے بڑھیں اور اپنی دولت کا کچھ حصہ قوم کیلئے تقسیم کریں۔ غریب آدمی نے قربانیاں دی ہیں، آج صاحب حیثیت نے کردار ادا کرنا ہے۔ آج ایثار کرنے کی صاحب حیثیت کی باری ہے۔ امید ہے صاحب حیثیت افراد دل کی گہرائیوں سے ہاتھ بڑھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : غریب عوام کو ریلیف ملے گا امیروں پر ٹیکس لگے گا: مفتاح اسماعیل

ان کا کہنا تھا کہ سخت فیصلوں سے وقتی مشکلات ہوں گی، مگر آگے آسانیاں ہوں گی۔ کوئی پھول کانٹوں کے بغیر نہیں ہوتا۔ ہمت اور محنت سے پاکستان معاشی خود مختاری کی طرف آگے بڑھے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ غربت کم کرنے کیلئے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگا رہے ہیں۔ فرٹیلائزر، انرجی اینڈ ٹرمینل سیکٹر، ٹیکسٹائل، بینکنگ انڈسٹری، سگریٹ انڈسٹری، اسٹیل، سیمنٹ، شوگر ملز، آئل اینڈ گیس سیکٹر پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرا وعدہ ہے راتوں کو جاگوں گا، اتحادیوں، اداروں سے مل کر پالیسی بنائیں گے۔ 2 ہزار ارب روپے ٹیکس غائب ہوجاتا ہے۔ جان لگائیں گے، مہنگائی کو کنٹرول کریں گے۔ اللہ نے جن نعمتوں سے نوازا ہے ان سے ٹیکس لے کر عوام پر خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 15 کروڑ سے زائد سالانہ آمدن پر ایک فیصد، 20 کروڑ سے زائد سالانہ آمدن پر 2 فیصد، 25 کروڑ سے زائد سالانہ آمدن پر 3 فیصد، 30 کروڑ سے زائد سالانہ آمدن پر 4 فیصد ٹیکس لگایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کلیکشن کے لیے ٹیمیں بن چکی ہیں، آئینی اداروں سے مدد لیں گے۔ آپسی لڑائی کو ختم کرکے غربت کے خلاف لڑتے تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top