جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پہاڑوں پر جانے والے عناصر کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں : وزیر اعلیٰ بلوچستان

11 مارچ, 2023 14:04

تربت : میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ پہاڑوں پر جانے والے عناصر آئیں اور ہم سے بات چیت کریں، بندوق اٹھانے کے بجائے عوام کی بہتری کیلئے ہماری مدد کریں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تربت میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ بلوچستان میں میرٹ کی بحالی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ فیصلہ کیا ہے کہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بلوچستان میں نچلی سطح کے ملازمین کی تعیناتیاں کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اقربا پروری کی روک تھام اور من پسند افراد کو سرکاری ٹھیکوں کے ذریعے نوازنے کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کرایا تاکہ سرکاری کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں اس طرح کے نظام کے قیام سے سفارشی کلچر کا خاتمہ ہوگا۔ ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔ ہم نے ریکوڈک مسئلے کو دانش مندی سے حل کرکے بین الاقوامی عدالتوں سے ملک کو بھاری جرمانہ سے بچا دیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریکوڈک پروجیکٹ میں بلوچستان کو 25 فیصد حصہ یقینی بنایا، جس سے صوبے کو آئندہ چند سالوں میں اربوں ڈالر کی آمدنی ہوگی۔ صوبے کو مالی استحکام حاصل ہوگا اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔

میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ہم نے سیندک منصوبے میں بلوچستان کے حصے کو بڑھانے میں بھی اپنا ایک بھرپور کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان ہائی کورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری دو ہفتے تک معطل کردیئے

انہوں نے کہا کہ پہاڑوں پر جانے والے عناصر کو ایک دفعہ پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔ آئیں اور ہم سے بات چیت کے ذریعے مسئلہ کا حل نکالیں۔ اگر وہ اپنے آپ کو بلوچستان کے عوام کا خیر خواہ سمجھتے ہیں تو بلوچستان کے مسئلے کا حل کے لیے مذاکرات پر آمادہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بندوق اٹھانے کے بجائے بلوچستان کے عوام کی بہتری کے لیے ہماری مدد کریں۔ لڑائی اور جھگڑے سے ہم سب کا نقصان ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکومت کی مشینری غیر جانبدار رہی۔ ہم نے تمام سیاسی جماعتوں پر واضح کیا تھا کہ عوام کا فیصلہ ہم سب کو قبول کرنا ہوگا۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران انہوں نے اپنا دورہ آواران منسوخ کیا تاکہ انتخابات میں شفافیت برقرار رہے۔ حکومت نے بلدیاتی اداروں کے لیے بجٹ میں بڑی رقم مختص کی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حق دو تحریک کے تمام تحفظات دور کر دیئے ہیں۔ پاک ایران بارڈر کو آزادانہ تجارت کے لیے کھول دیا ہے تاکہ لوگوں کو روزگار کی سہولیات میسر ہوں۔ بلوچستان کے ساحل پر 24 کے قریب غیر قانونی ٹرالروں کو قبضہ میں لیا گیا ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ اتنے مختصر عرصے میں سو فیصد ٹرالنگ کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ حق دو تحریک کو خوامخواہ کا احتجاج اور لوگوں کے شہر میں گزرنے کے راستوں کو بلاک نہیں کرنا چاہیے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top