جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

شہرت نہیں بلکہ خدا سے صرف صراط مستقیم مانگیں: فیروز خان

12 فروری, 2020 13:45

کراچی: اداکار فیروز خان نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی صرف خدا کو راضی کرنے میں ہے۔

ڈراما سیریل ’’خانی‘‘سے مشہور ہونے والے اداکار فیروزخان اپنے کیریئرمیں کئی کامیاب ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ فیروز خان کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے ناموراداکاروں میں ہوتا ہے جو سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم رہتے ہیں تاہم چند روز قبل انہوں نے اچانک اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔

فیروز خان نے تو انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن ان کی اہلیہ علیزے نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا یہ روحانی سفر آپ کی زندگی میں مزید اعتماد لائے اور آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں۔

علیزے کی اس پوسٹ کے بعد یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ فیروز خان اپنے روحانی سفر کا آغاز کرنے جارہے ہیں اور شاید وہ اب شوبز کو بھی خیرباد کہہ دیں۔

حال ہی میں ایک مارننگ شو میں فیروز خان نے اپنے روحانی سفر اور دین کی جانب رجحان کے حوالے سے باتیں بتائیں۔ فیروز خان نے اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں کہا کہ مجھے اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ زندگی صرف صبح اٹھ کر تیار ہوکر کیمرے کے سامنے کھڑے ہونے کا نام نہیں ہے بلکہ معاشرے کے لیے کچھ کرنا بہت ضروری ہے۔

فیروز خان نے کہا کہ ہم سب کو راضی تو اللہ تعالیٰ کو کرنا ہوتا ہے اور ہم سب کچھ ایسی چیز کی تلاش میں ہوتے ہیں، کچھ ایسا کریں کہ بس اللہ تعالیٰ راضی ہوجائے اور زندگی صرف خدا کو راضی کرنے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم میں اللہ کے قریب ہوں یا نہیں، ہوسکتا ہے دوسرے لوگ مجھ سے زیادہ قریب ہوں لیکن اللہ نے میری آنکھیں کھول دیں جس کے بعد مجھے میرے پاس موجود چیزوں کے بجائے خدا کی عبادت اور ذکر میں خوشی ملنی شروع ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: انگریزی بولنا اور برانڈڈ کپڑے پہننا زندگی کا نام نہیں: نعمان اعجاز

فیروز خان نے گزشتہ برس حج کی سعادت حاصل کی تھی اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ میں نے بس خدا سے دعا مانگی تھی کہ مجھے اپنے در پر بلالیں اور اس نے بلالیا اور یہ سب بالکل آخر میں ہوا جب حج پر جانے کی کوئی امید بھی نہیں تھی۔ تاہم حج کے دوران میں نے بہت کچھ سیکھا۔

فیروز خان نے کہا یہ حقیقت ہے کہ حج خریدا نہیں جاتا اور نہ ہی کیا جاتا ہے بلکہ یہ بلاوا ہوتا ہے، میں لوگوں کو خاص کر نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ گھر، گاڑی، بنگلہ، شہرت نہ مانگیں بلکہ خدا سے صرف صراط مستقیم مانگیں۔

خیال رہے کہ فیروز خان نے انٹرویو کے دوران شوبز چھوڑنے یا نہ چھوڑنے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top