جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

یوکرین پر روسی حملے کا اب بھی بہت زیادہ امکان ہے : امریکی صدر

16 فروری, 2022 15:05

واشنگٹن : امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکی معیشت بحران کا شکار ہوسکتی ہے، یوکرین پر روسی حملے کا اب بھی بہت زیادہ امکان ہے، لیکن اس کی انسانی قیمت بہت زیادہ ہو گی۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ روسی افواج کا روانہ ہونا اچھا ہوگا، لیکن ہم نے ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے کہ روسی فوجی یونٹس اپنے اڈوں پر واپس جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت، ہمارے تجزیہ کار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ وہ بہت زیادہ خطرناک پوزیشن پر ہیں۔ امریکہ روس کو غیر مستحکم نہیں کرنا چاہتا۔ روسی حکومت کی طرف سے سفارت کاری جاری رکھنے کی تجویز سے متفق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یوکرین پر روسی حملے کا اب بھی بہت زیادہ امکان ہے، لیکن اس کی انسانی قیمت بہت زیادہ ہو گی، اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ امریکہ اس طرح کے اقدام کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کا طالبان پر افغانستان میں قید امریکی شہری کی رہائی کے لیے دباؤ میں اضافہ

امریکی صدر نے یہ بھی خبردار کیا کہ یوکرین پر کسی بھی حملے کے جواب میں روس پر پابندیاں عائد کیے جانے کی صورت میں امریکی معیشت توانائی کی فراہمی میں رکاوٹ اور قیمتوں میں اضافے کا شکار ہو سکتی ہے۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکی عوام سمجھتے ہیں کہ جمہوریت اور آزادی کا دفاع کبھی بھی بے قیمت نہیں ہوتا۔ میں یہ دکھاوا نہیں کروں گا کہ یہ عمل تکلیف دہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ممکنہ سپلائی کے مسائل کو روکنے کے لیے توانائی کے پروڈیوسرز اور شپرز کے ساتھ ہنگامی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

مسٹر بائیڈن نے متنبہ کیا کہ اگر یوکرین پر حملہ ہوتا ہے تو یورپ کے لیے مجوزہ روسی نورڈ اسٹریم نہیں بنے گی۔ مغرب روس کیخلاف متحد اور لوہے کی طرح مضبوط ہے۔

امریکی صدر نے روس کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے دشمن نہیں ہیں، اور مجھے یقین ہے کہ آپ یوکرین کے خلاف خونریز اور تباہ کن جنگ نہیں چاہتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top