جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

وزیراعظم شہباز شریف کا بلوچستان کیلئے 10ارب روپے کی فوری امداد کا اعلان

28 اگست, 2022 14:58

جعفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان کیلئے 10 ارب روپے کی فوری امداد کا اعلان کرتا ہوں، توقع ہے صوبائی حکومت اداروں سے مل کر رقوم کی شفاف ترسیل یقینی بنائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا، ہر طرف پانی ہی پانی ہے، چاروں طرف پانی کا سمندر پھیلا ہوا ہے، یہ سیلاب 2010کے سیلاب سے کہیں بڑا ہے، سیلاب کی تباہی پورے ملک میں پھیل گئی ہے، پرسوں کے پی میں شدید بارشوں سے سوات، دیر کالام اور دیگر علاقے شدید متاثر ہوئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بھر میں ایک ہزار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، تمام فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، بہترین ریلیف سرگرمیوں پر وزیراعلیٰ بلوچستان کو سراہتا ہوں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کےلیے فوری اقدامات کیے جارہے ہیں، وزیر توانائی خرم دستگیر بھی سندھ کے متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر دوست ملکوں کے سربراہوں کے شکر گزار ہیں، خوشی ہے کہ ترکیہ سے امدادی سامان لے کر جہاز روانہ ہوچکے ہیں، برطانوی حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے ڈیڑھ ملین پاؤنڈ امداد کا اعلان کیا ہے، پاکستان کے مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ مشکل میں مبتلا بھائیوں کی مدد کریں، دکھی بھائی بہن آپ کی امداد کے منتظر ہیں ، آگے بڑھ کر ان کا ہاتھ تھامیں، مختلف لوگ اپنا نام ظاہر نہ کر کے بھی بڑی امداد کررہے ہیں، ضرورت مندوں تک حق پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، برطانیہ کا امداد کا اعلان

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے بے پناہ تباہی ہوئی ، فضائی جائزے میں طرف پانی نظر آیا، طبی عملہ اور دیگر حکام بہت بہترین کام کررہے ہیں، مسلح افواج کے سربراہوں نے ریلیف کے کاموں میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، پاک افواج دن رات امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل کے اجلاس میں تمام معاملات کا بغور جائزہ لیں گے، اب صرف نعروں اور تقریروں کی نہیں بلکہ عملی کام کی ضرورت ہے، غلط اور جھوٹے الزامات لگا کر قوم کو دھوکا نہ دیں، بلوچستان کیلئے 10 ارب روپے کی فوری امداد کا اعلان کرتا ہوں، توقع ہے صوبائی حکومت اداروں سے مل کر رقوم کی شفاف ترسیل یقینی بنائے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top