جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

مقبول خبریں

علی گنڈاپور کے بیان پر پیپلز پارٹی کا احتجاج، ہماری زبان بھی کھل سکتی ہے : رضا ربانی

14 جولائی, 2021 12:00

اسلام آباد : رضا ربانی کا کہنا ہے کہ شہید بھٹو کے خلاف غلط الفاظ کا استعمال کیا گیا، ایسی گفتگو ہونی ہے تو کوئی محفوظ نہیں ہوگا، غلط بات پر ہماری زبان بھی کھل سکتی ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو غدار کہنے کے بیان پر شدید احتجاج کیا گیا۔

سینیٹر شیری رحمان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر جس کے اوپر پرچہ ہوا ہے، وہ ماحول آلودہ کر رہے ہیں۔ یہ ہوتے کون ہیں غداری کا سرٹیفکٹ دینے والے؟ یہ بات بلکل قابل قبول نہیں۔ جس نے ایٹمی پروگرام دیا، اس ملک کو یہاں تک پہنچایا اس کو غدار کہا جا رہا ہے۔

سینیٹر رضا ربانی نے غنڈاگردی کی سرکار نہیں چلے گی کے نعرے لگائے، جس پر انہوں نے ایوان سے معافی بھی مانگ لی۔

رضا ربانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہندوستان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھ سکتا ہے، اس کا کریڈٹ ذولفقار علی بھٹو کو جاتا ہے۔ کشمیر میں جاکر ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں بات کرنا افسوس ناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لاکھوں کشمیری حق کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں : علی امین گنڈاپور

انہوں نے کہا کہ ذولفقار علی بھٹو ایٹمی پروگرام کے بانی ہیں، ہمیں اسلام آباد اور پنڈی سے محب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ ہماری حب الوطنی ہماری جدوجہد ہے، شہد پینے والے وزیر ذوالفقار علی بھٹو بارے کیسے بات کر سکتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو کے خلاف غلط الفاظ کا استعمال کیا گیا۔ ایسی گفتگو ہونی ہے تو کوئی محفوظ نہیں ہوگا۔ غلط بات پر ہماری زبان بھی کھل سکتی ہے۔ پگڑی اچھالنے کی سیاست تباہی کی طرف لے جائے گی۔ ایسی سیاست کے بعد ہمیں عزیز ہم وطنو سننا پڑا۔

رضا ربانی نے کہا کہ شہید بھٹو نے امریکی سامراج سے سودا نہیں کیا، انہوں نے پھانسی کے پھندے کو چوما۔ پاکستانیوں کو پاکستانی ہونے کی شناخت کرائی۔ ملک کیلئے قربانیاں دینے والے لیڈر کو آپ غدار کہتے ہیں۔

سینیٹ مولا بخش چانڈیو نے نقطہ اعتراض پر کہا کہ کل حکومتی رکن نے ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں بہت غلط زبان استعمال کی۔ ہم اس پر واک آؤٹ کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے ارکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top